عوامی مقدمات ایوانوں میں حل نہ ہوئے تو 14 اگست کو ہم بھی تاریخ دے دیں گے: فاروق ستار

عوامی مقدمات ایوانوں میں حل نہ ہوئے تو 14 اگست کو ہم بھی تاریخ دے دیں گے: فاروق ...
 عوامی مقدمات ایوانوں میں حل نہ ہوئے تو 14 اگست کو ہم بھی تاریخ دے دیں گے: فاروق ستار

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ شہر کی عوام کو انکا آئینی حق دیا جائے ،اگر ایوانوں میں عوامی مقدمات کاحل نہ نکلا تو 14 اگست کو ہم بھی کوئی تاریخ دیں گے۔صوبائی دارلحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ انکی جماعت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے ایک مہم کا آغاز کررہی ہے ،صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں مقامی حکومتوں کا معاملہ اٹھائیں گے اورسانحہ سی ویو سمیت صوبے کے دیگر مسائل پرغورکیا جائے گا،وزیراعلی سندھ سے ملاقات کرکے شہری علاقوں کے مسائل سے انہیں آگاہ کریں گے، مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے مظاہرہ یا دھرنا دینا پڑا تو وہ بھی دیں گے، اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں بھی تمام معاملات اٹھائیں گے ۔انکا مزید کہنا تھا کہ اگر 68 واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانا ہے تو عوام کے مسائل کو سمجھنا ہوگا، ملک محاذ آرائی کی جانب بڑھ رہا ہے،ہمیں ایسا راستہ نکالنا چاہیے جس سے عوام کو جمہوری حصہ دیا جائے۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں 450 ملین گیلن پانی کی کمی ہے اور اس بات کا خدشہ ہے شہرمیں ایک سال میں پانی کے معاملے پرفسادات ہوں گے،خدا خدا کرکے رمضان المبارک گزرا اور واٹربورڈ کی منتیں کی تو عید کے روز شہریوں کو پانی ملا،عید الفطر میں تفریح کےلئے جانےوالے معصوم شہریوں کو سمندر کے سامنے چھوڑ دیا گیا اور اتنے بڑے سانحے کی ذمہ داری کوئی بھی لینے کو تیار نہیں ہیں ، ادارے اپنی ذمے داریاں ایک دوسرے پر ڈال کر محض ٹوپی ڈرامہ کررہے ہیں، اس سانحے کی سب سے بڑی وجہ مقامی حکومت کا نہ ہونا ہے، اگرشہر میں میئرہوتا تو عوام اس کا گریبان پکڑ سکتے تھے۔

مزید : کراچی /اہم خبریں