پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام پہلی انڈر 20 رگبی لیگ کا آغاز

پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام پہلی انڈر 20 رگبی لیگ کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (اے این این )پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام پہلی انڈر 20 رگبی لیگ کا آغاز ہوگیا۔15 سائیڈ لیگ لاہور اور جنوبی پنجاب میں کھیلی جارہی ہے ۔ پہلے مرحلے کے میچز لودھراں کے علاقے مخدوم عالی سطان میں کھیلے گئے۔
چمپئن شپ میں چار ٹیمیں شریک ہیں جن میں لاہور، لودھراں، دنیاپور اور وہاڑی شامل ہیں۔ پہلا میچ دنیا پور اور وہاڑی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ جووہاڑی نے 17-0 سے جیتا۔ وہاڑی کی طرف سے عباس نے دو اور عرفان نے ایک ٹرائی سکور کی۔ دوسرا میچ لاہور اور لودھراں کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے بہترین رگبی دیکھنے کو ملی۔ لودھراں نے دلچسپ مقابلے میں لاہور کی ٹیم کو 6-5 سے ہرا دیا۔ دونوں ٹیمیں ٹرائی نہ سکور کر سکیں لودھراں کی ٹیم نے دو کنوریژن ٹرائی جبکہ لاہور کی ٹیم نے ایک پنلٹی ٹرائی سکور کی۔ اگلے مرحلے کے میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان رگبی یونین کے صدر فوزی خواجہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان رگبی یونین گزشتہ دو سال سے جنوبی پنجاب سمیت پاکستان بھر میں رگبی کو فروغ دے رہی ہے۔اس سال چار ٹیمیں شریک ہیں جبکہ اگلے سال ٹیموں کی تعداد آٹھ ہو جائے گی۔ اسی سال ہم نے لودھراں اور جنوبی پنجاب میں سیونز سائیڈٹورنامنٹ کروایا تھا جس میں 20 ٹیمیں شامل تھیں۔ اب جونیئر لیول پر 15سائیڈ لیگ اس لیے کروائی جا رہی ہے تا کہ ٹیلنٹ گروم ہو سکے اور سامنے آ سکے۔ فوزی خواجہ کے مطابق آنے والے چھ ماہ میں پاکستان میں رگبی کا بھرپور سیزن اس انڈر 20چمپئن شپ سے شروع ہو چکا ہے۔ پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل احمد کے مطابق جنوبی پنجاب ، کے پی کے، سندھ اور بلوچستان ہر جگہ رگبی کا بہت اچھا ٹیلنٹ موجود ہے۔ اس لیگ سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔