یہودی انتہاپسند گروپوں کا قبلہ اول پرغیرمعمولی یلغار کا اعلان
مقبوضہ بیت المقدس( اے این این )مسجد اقصی کے مقام پرہیکل سلیمانی کی تعمیر کے لیے سرگرم انتہا پسند یہودی تنظیموں نے ایک نئی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج اتوار کو بڑی تعداد میں یہودی آباد کاروں کو وہاں جمع کرنے کا اعلان کیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مذعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر میں سرگرم یہودی گروپوں کے اتحاد" اتحاد تنظیمات برائے ہیکل سلیمانی" کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹس بالخصوص "فیس بک" اور "ٹیوٹر" پر یہودی آباد کاروں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اتوار کے روز زیادہ سے زیادہ تعداد میں "جبل ہیکل" میں جمع ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق اجتماعی طورپرمذہبی رسومات ادا کریں۔
یاد رہے کہ یہودی آباد کار مسجد اقصی کے بجائے ہیکل سلیمانی کی نسبت سے اس جگہ کے لیے "جبل ہیکل" کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔دوسری جانب فلسطینی شہریوں نے بھی آج اتوار کو یہودیوں کوقبلہ اول سے روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں قبلہ اول میں جمع ہونے کا اعلان کیا ہے۔ بیت المقدس میں موجود فلسطینی تنظیموں کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نماز ظہر کے موقع پر قبلہ اول میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں تاکہ یہودی انتہا پسندوں کی قبلہ اول پریلغار کو روکا جاسکے۔