وزیر اعلٰی کا غیر قانونی مویشی منڈیوں کا سخت نوٹس ،فوری ختم کرنیکا حکم

وزیر اعلٰی کا غیر قانونی مویشی منڈیوں کا سخت نوٹس ،فوری ختم کرنیکا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر میں غیرقانونی مویشی منڈیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کا سخت نوٹس لے لیا ہے اور کمشنر لاہور سمیت تمام ریجنل کمشنرز کو حکم دیا ہے کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کو فوری طور پر ختم کرایاجائے ۔اس حوالے سے گزشتہ روزمویشی منڈیوں کے حوالے سے اجلاس بھی ہوا جس میں چیف سیکرٹری سمیت ریجنل کمشنرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے حکم پر چیف سیکرٹری نے ڈویژنز میں کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے قیام کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ بھی لیا ۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے قیام سے صوبہ میں لائیوسٹاک کے شعبہ میں بہتری آئے گی او رمویشی پالنے والے افراد کو براہ راست فائدہ پہنچے گا ۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیو ں کے لئے بھرتی کا عمل جلد مکمل کیاجائے تاکہ یہ باقاعدہ کام شروع کرسکیں ۔ کمشنر عبداللہ سنبل نے اجلاس کو بتایا کہ لاہور ڈویژن میں کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی نے باقاعدہ کام شروع کردیاہے ۔محکمہ بلدیات کی جانب سے اجلاس کو کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے قیام کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایاگیاکہ 9 نئی مویشی منڈیاں قائم کی جائیں گی جبکہ لاہور ، ملتان، لیہ ، جھنگ او رگوجرانوالہ میں ماڈل کیٹل مارکیٹس کا قیام بھی عمل میں لایاجائے گا ۔ شیخوپورہ میں نئی مویشی منڈی کا افتتاح کیاجاچکا ہے جبکہ فیصل آباد میں کام جلد مکمل کرلیاجائے گا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے متعلقہ ڈویژنز میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا او رکمشنر ز کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔ اجلاس میں وزیراعلی کے معاون خصو صی برائے لائیوسٹاک ارشدجٹ چیف سیکرٹری ، ایم این اے افضل کھوکھر ، سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری لائیوسٹاک او رمتعلقہ حکام نے شرکت کی ۔