چین نے دنیا میں ہر معاملے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ،ملک رفیق رجوانہ

چین نے دنیا میں ہر معاملے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ،ملک رفیق رجوانہ

لاہور(آن لائن) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے دُنیا کے ہر فورم پر ہر معاملے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور پاکستان نے بھی ہر مرحلے پر چینی قوم کی امنگوں کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاک چین دوستی کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں چین کے صوبہ جلن(Jilin) سے کامنسٹ (Communist) پارٹی کے پارٹی سیکرٹری (Mr. Bayinchaolu) کے ہمراہ آئے ہوئے6رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ چین عالمی معیشت میں سب سے زیادہ ابھرتی ہوئی قوم کا درجہ اختیار کر چکی ہے اور ہم چین کی کامیابیوں پرفخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں درمیان ہونے والے معاہدوں سے ملک کے طول و عرض میں خوشحالی کے نئے دور کاآغاز ہو گا جس سے نہ صرف روزگار کے دروازے کھلیں گے بلکہ قومی معیشت میں بھی استحکام آئے گا۔گورنر نے کہا کہ بلاشبہ اس وقت پاکستان کو دہشت گردی سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے لیکن موجودہ حکومت کی مدبرانہ پالیسوں کی بدولت ہم بہت جلد ان تمام مسائل پر قابو پالیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فوج نے ملک و قوم کی سلامتی اور بقاء کے لئے بے مثل اور لازوال قربانیاں رقم کیں ہیں جس کی نظیر کہیں نہیں ملتی۔ اس موقع پر چین کے صوبہ جلن سے کامنسٹ پارٹی کے پارٹی سیکرٹری (Mr. Bayinchaolu) نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے لوگ پاکستانی قوم کی اُن کے لئے محبت کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وہاں کے لوگ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین ہونے والے مختلف معاہدوں سے دونوں ملکو ں کے درمیان اقتصادی تعاون میں مزید فروغ ملے گا۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے عسکری اور سیاسی قیادت کے کردار کو بھی سراہا۔

مزید : علاقائی