تحریک انصاف کے اراکین مستعفی ہونے کے بعد ایوان کیلئے اجنبی بن چکے ،مولانا فضل الرحمان

تحریک انصاف کے اراکین مستعفی ہونے کے بعد ایوان کیلئے اجنبی بن چکے ،مولانا ...

 پشاور(این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف نے تحریک انصاف کے اراکین کے خلاف قرارداد واپس لینے کی درخواست کی ہے۔ قرارداد واپس لے بھی لیں تب بھی تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے رکن نہیں رہ سکتے۔ سپیکر تحریک انصاف کے استعفے قبول کریں تاکہ انکے حلقوں پر نئے انتخابات ہوں۔اپنے مختصر دورہ پشاور کے دوران مجلس عاملہ کے اراکین سے ملاقات میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا وزیر اعظم نواز شریف کی خواہش ہے کہ جمعیت علماء اسلام تحریک انصاف کے خلاف اپنی قرارداد واپس لے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پر واضح کردیا ہے کہ ہم نے آئینی طریقہ کار کے مطابق قرارداد جمع کرائی ہے اور سپیکر آیاز صادق آئینی طریقہ کار کے مطابق ایوان میں اس پر ووٹنگ کرائے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اگر اپنی قراردادواپس بھی لے لے تب بھی تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے رکن نہیں رہ سکتے۔ ایوان سے مستعفی ہونے کے بعد تحریک انصاف کے اراکین حق نمائندگی کھو چکے ہیں۔ سپیکر تحریک انصاف کے استعفے فوری قبول کریں ۔ تحریک انصاف کے اراکین کی اسمبلی میں واپسی انکے حلقوں پر ضمنی الیکشن سے مشروط ہے۔

مزید : صفحہ آخر