حافظ آباد ،قلعہ صاحب سنگھ میں مخالفین کی فائرنگ سے 3افراد ہلاک ،ایک شدید زخمی

حافظ آباد ،قلعہ صاحب سنگھ میں مخالفین کی فائرنگ سے 3افراد ہلاک ،ایک شدید زخمی

حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)حافظ آباد میں قلعہ صاحب سنگھ کے قریب مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 3افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور بعد ازاں مذکورہ ملزمان نے مقتول افراد کے ڈیرہ پر جاکر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں جہانیاں کا رہائشی قیصر چدھڑ اپنے دو محافظوں فیصل اور افضال کے ہمراہ کار نمبری CH-1428میں سوار ہوکر شہر حافظ آباد کی جانب آرہا تھا کہ قلعہ صاحب سنگھ کے قریب ایک کار اور موٹر سائیکل پر سوار آتشیں اسلحہ سے مسلح ملزمان جو راستہ میں گھات لگائے بیٹھے تھے، انہوں نے انکی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔جس کے نتیجہ میں کار میں سوار تینوں افراد قیصر چدھڑ ولد علی محمد، فیصل علی ولد بشارت علی ، افضال ولد محمد انور موقع پر ہلاک ہوگئے بعد ازاں مذکورہ مسلح ملزمان نے مقتول قیصر چدھڑ کے گاؤں جہانیاں پہنچ کر اسکے ڈیرہ پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہاں بیٹھے افراد میں بھگدڑ مچ گئی ،فائرنگ سے ایک شخص احسان اﷲولد محمد اصغر شدیدزخمی ہوگیااور ملزمان فرار ہوگئے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقتول قیصر چدھڑ کی سابقہ بیوی صائمہ نے طلاق لینے کے بعد نواحی گاؤں ونگے کے رہائشی عدنان دانی کے ساتھ شادی کرلی تھی اور اسے قریبا چھ ماہ قبل اسوقت دن دیہاڑے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا جب وہ کسوکی روڈ حافظ آباد پر واقع ایک ہسپتال میں دوائی لینے جارہی تھی۔ صائمہ کو قتل کرنے کے الزام میں مقتول قیصر چدھڑ ، اور اسکے بھائیوں ، ظفر، طارق، عنصر وغیرہ چھ ملزمان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج ہواتھا۔

مزید : علاقائی