ٹیکس نظام جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہو گا: عارف علوی
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری مالیات سردار اظہر طارق نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں قومی امور اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں ملکی معیشت کی بحالی و اصلاح کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ٹیکس کا دائرہ بڑھانے اور ٹیکس آمدن میں اضافے کی حکومتی کوششوں پر گفتگو کی گئی ۔ صدر مملکت نے کہاکہ ملک کے مستقبل کیلئے معاشی خودانحصاری کے ہدف کا حصول نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اپنے پاو¿ں پر کھڑا کرنے کیلئے ہر طبقہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد کا کردار اہم ہے۔انہوںنے کہاکہ ٹیکس نظام کی اصلاح سے محصولات کے ذخیرے میں اضافہ ممکن ہے۔، صدر مملکت نے کہاکہ ٹیکس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ٹیکنالوجی اور جدید دنیا کے تجربات سے استفادہ کرنا ہوگا۔ سر دار اظہر طارق نے کہاکہ وقت دینے اور میزبانی کرنے پر صدر مملکت کا مشکور ہوں۔انہوںنے کہاکہ ملکی معیشت کی بحالی کیلئے وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انہوںنے کہاکہ شفاف حکومت کے باعث عوام کا حکومت پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ انشاءاللہ وزیراعظم پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکال کر خود انحصاری اور ترقی پر گامزن کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
عارف علوی