خزانہ میں نوجوان کے اندھے قتل میں ملوث 2 گرفتار
پشاور(کرائمز رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہر کے نواحی علاقہ خزانہ کی حدود میں ہونے والے نوجوان کے اندھے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان نے مقتول ہلال کو پھانسی دے کرقتل کرنے کے بعد لاش کو قریبی اراضیات میں پھینک دی تھی ، دونوں گرفتار ملزمان نے مقتول میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے تفصیلات کے مطابق مدعی قندہار ولد امین گل سکنہ عیسی خیل نے تھانہ خزانہ پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے بھائی ہلال کو کسی نامعلوم ملزمان نے پھانسی کے ذرےعے قتل کرنے کے بعد لاش کھیتوں میں پھینک دی ہے جس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ،ایس پی رورل شوکت خان نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی چمکنی حیدر خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ خزانہ ابراہیم خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا، جنہوں نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ افراد کو شامل تفتیش کرنے کے ساتھ ساتھ مقتول کے قریبی رشتہ داروں اور دیگر تعلق داروں کو بھی شامل تفتیش کیا جبکہ اس دوران مدعی قندہار ولد امین گل نے تفتیشی ٹیم کو ملزمان سراج ولد جان خان اور چمنے ولد عبد الرحمان پر شک ظاہر کرتے ہوئے بیان کیا کہ دونوں ملزمان نے اس کے بھائی کو غیرت کے نام پر قتل کیا ہے جس پر ایس ایچ او تھانہ خزانہ حاجی ابراہیم خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان سراج اور چمنے کو گرفتار کر لیا،ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے