ہارس ٹریڈنگ کو بڑی بے حیائی سے ضمیر کی آواز کہا جا رہا ہے،چانڈیو

ہارس ٹریڈنگ کو بڑی بے حیائی سے ضمیر کی آواز کہا جا رہا ہے،چانڈیو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کو بڑی بے حیائی کے ساتھ ضمیر کی آواز کہا جا رہا ہے،خفیہ رائے شماری میں پچاس ووٹ نکلے جو کھلی ہارس ٹریڈنگ ہے، حکومت گناہ اور غلطی کر کے فخر محسوس کر رہی ہے۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت گناہ اور غلطی کر کے فخر محسوس کر رہی ہے، دنیا نے دیکھا کہ چونسٹھ ارکان تحریک عدم اعتماد کے حق میں کھڑے ہوئے۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ خفیہ رائے شماری میں پچاس ووٹ نکلے جو کھلی ہارس ٹریڈنگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ر وز جو کچھ سینیٹ میں ہوا یہ جمہوریت، انتخابات اور ملک کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کیلئے پرامن آئینی، قانونی اور جمہوری راستے بند کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ محب وطن سوچیں کہ پرامن قانونی، جمہوری راستے بند کر کے کون سے راستے کھولے جا رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ پرامن راستے بند ہوئے تو اپوزیشن کون سے راستے اختیار کرے گی؟، ذرہ سوچیں۔انہوں نے کہاکہ قیادت جیلوں میں، میڈیا پر قدغنیں ہیں اور پارلیمنٹ میں ووٹ تک چھینا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کیلئے تمام راستے بند کرنا ملک کیلئے بہتر ہے اور نہ ہی قومی سلامتی کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہاکہ سوچیں کہ پرامن راستے بند کرنے کے بعد کھلنے والے راستے ملک و قوم کو کدھر لے جائیں گے،؟۔