سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں رتی برابر پیشرفت نہیں ہوئی:ڈاکٹر طاہرالقادری

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں رتی برابر پیشرفت نہیں ہوئی:ڈاکٹر طاہرالقادری
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں رتی برابر پیشرفت نہیں ہوئی:ڈاکٹر طاہرالقادری

  


مانچسٹر(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں آج کے دن تک رتی برابر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی،سانحہ کے انصاف کے حوالے سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی 9اپیلیں مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، نئی حکومت میں بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، بہرحال سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے جدوجہد کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، 5سال کا ہر دن انصاف کی جدوجہد کرتے گزرا، چوٹی کے وکلاء کے پینل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے لے کر سپریم کورٹ تک انصاف کیلئے چارہ جوئی کررہے ہیں۔

مانچسٹر الہدایہ کیمپ 2019  کے دوسرے روز میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئےڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر پر نئی جے آئی ٹی بن گئی تھی اور اس نئی جے آئی ٹی نے 90فیصد سے زائداپنی تفتیش مکمل کر لی تھی اور اس کو روک دیا گیا۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ جملہ قابل توجہ ہے کہ آج کے دن تک انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں رتی برابر پیشرفت نہیں ہونے دی گئی، جو حال پہلے تھا وہی آج ہے۔

دریں اثناء شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مانچسٹر میں نوجوانوں کی نظریاتی،فکری تربیت اور عصری چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے منعقدہ الہدایہ کیمپ کے دوسرے اور آخری روز یورپ بھر سے آئے ہوئے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم، عمل اور نیک نیتی یہ ترقی کے راستے ہیں، اگر علم ہے اور عمل نہیں ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور اگر علم بھی ہے، عمل بھی ہے اور نیت بھی نیک ہے تو یہ ایک کامیاب زندگی ہے، ہر شخص کو اپنے آپ سے یہ سوال کرنا چاہے کہ اس کی ذات،علم اور تجربے اور توانائی سے دوسروں کو کیا فائدہ پہنچ رہا ہے؟۔ الہدایہ کیمپ کے شرکاء نے اختتامی سیشن کے بعد خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شکل میں یورپ میں ہمیں وہ تعلیم اور تربیت میسر ہے جو ہمارے اسلاف کا اوڑھنا بچھونا تھی، ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے شکر گزارہیں کہ جنہوں نے نئی نسل کو قرآن و سنت کی حقیقی تعلیم اور اسلام کے امن،محبت اور سلامتی والے پیغام سے جوڑ رکھا ہے۔منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے بتایا کہ آج 4اگست کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 8 جلدوں اور 5 ہزار موضوعات پر مشتمل تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا اردو کے بعدانگریزی میں بھی شائع ہو گیا ہے جس کی آج 4اگست کو مانچسٹر میں تقریب رونمائی ہورہی ہے،تقریب رونمائی میں یورپ میں مقیم ممتاز پاکستانی و برٹش سیاسی، سماجی،صحافتی شخصیات بھی شریک ہونگی۔

مزید : برطانیہ