انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے حتمی 11 کھلاڑی کون ہوں گے؟ ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کر لیا

انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے حتمی 11 کھلاڑی کون ہوں گے؟ ٹیم ...
انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے حتمی 11 کھلاڑی کون ہوں گے؟ ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کر لیا

  

مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بدھ 5 اگست سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جس کیلئے پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے تین فاسٹ باﺅلرز اور 2 سپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے اولڈ ٹریفورڈ کی پچ پر سپنرز کے کردار کو دیکھتے ہوئے یاسر شاہ کے ہمراہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو فائنل الیون میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ شاداب خان جو کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے سبب ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ سفر نہیں کر سکے تھے، وہ انگلینڈ پہنچنے کے بعد بھی بطور باﺅلر خاص ردھم میں دکھائی نہیں دے رہے۔

ڈر بی میں کھیلے گئے پہلے انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ میں پی سی بی وائٹس کیلئے کھیلنے والے شاداب نے 17 اوورز میں 104رنز دئیے اور کوئی وکٹ نہیں لے سکے تھے البتہ 2018 میں انگلینڈ میں دو ٹیسٹ میں دو نصف سنچریاں بنانے والے شاداب کو بیٹنگ کو مضبوط کرنے کی غرض سے فہیم اشرف پر ترجیح دی جا رہی ہے اور امکان ہے کہ وہ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔

انگلینڈ میں کھیلنے والی پاکستان ٹیم کے چار کھلاڑی عابد علی، وکٹ کیپر محمد رضوان، فاسٹ باﺅلرز نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ انگلینڈ میں ٹیسٹ کھیلنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ مانچسٹر میں پاکستان کی پہلے ٹیسٹ کیلئے 11 ارکان پر مشتمل ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، شان مسعود، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ 

مزید :

کھیل -