شاہد آفریدی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کب لیں گے؟ بالآخر بتا دیا

شاہد آفریدی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کب لیں گے؟ بالآخر بتا دیا
شاہد آفریدی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کب لیں گے؟ بالآخر بتا دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ دل تو چاہتا ہے کہ ریٹائرمنٹ لے لوں لیکن پرستاروں اور فیملی کا مطالبہ ہے کہ لیگز میں شرکت جاری رکھوں، اس لئے جب تک جوش اور جذبہ برقرار ہے، کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔ 

تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جب تک جوش اور جذبہ برقرار ہے کرکٹ کھیلتا رہوں گا، دل تو چاہتا ہے کہ ریٹائرمنٹ لے لوں لیکن پرستاروں اور فیملی کا مطالبہ ہے کہ لیگز میں شرکت جاری رکھوں جبکہ میں خود بھی ابھی کھیل کیلئے جوش اور جذبہ محسوس کرتا ہوں، جب لگا کہ فٹنس ساتھ نہیں دے رہی اور ٹیموں پر بوجھ بن رہا ہوں، جوش و جذبہ بھی برقرار نہیں رہا تو کرکٹ چھوڑ جاﺅں گا۔ 

انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاتح کا فیصلہ مارچ میں ہی کر دینا چاہیے تھا،ایونٹ ختم کرنے کا اعلان کرکے لیگ مرحلے میں سرفہرست ٹیم کو ٹرافی دینا مناسب ہوتا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا خیال تھا کہ شاید حالات بہتر ہو جائیں گے،افسوس ایسا نہیں ہوا۔یاد رہے کہ مارچ میں کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کے پلے آف میچز ملتوی کردئیے گئے تھے جن کے انعقاد کا امکان بھی نظر نہیں آتا۔ 

دوسری جانب انہوں نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کو کامیاب تجربہ بھی قرار دیا اور کہا کہ پی ایس ایل 5 میں فرنچائز نے اچھی کوچنگ اور بہتر پلاننگ کی بدولت لیگ مرحلے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی، اینڈی فلاور، مشتاق احمد اور اظہر محمود نے ٹیم کو بھرپور سپورٹ فراہم کی، شان مسعود بطور کپتان گروم ہوئے، غیر ملکی کرکٹرز نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی، اونر علی ترین نے معاملات بہتر انداز میں چلائے، ملتان سلطانز پر منحصر ہے کہ آئندہ سیزن کیلئے وہ میرے ساتھ آگے بھی چلنا چاہتے ہیں یا پھر کوئی اور ٹیم میری خدمات حاصل کرتی ہے۔

مزید :

کھیل -