کھانا بنانے کی ایک تصویر نے نوجوان کی بے وفائی پکڑوادی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک لڑکی کو اس کے نئے نویلے بوائے فرینڈ نے اپنی کھانا بنانے کی تصویر بھیجی مگر لڑکی کو اس تصویر میں ایسی چیز نظر آ گئی کہ اس نے فوری طور پر لڑکے کے ساتھ تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ دی سن کے مطابق اس لڑکی کا نام کائیلہ ہے جس نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر یہ تصویر پوسٹ کی اور لوگوں سے کہا کہ وہ اس تصویر میں سے ایسی چیز تلاش کرکے دکھائیں جن سے میرے بوائے فرینڈ کی بے وفائی ثابت ہوتی ہے۔
جب لوگ ایسی کوئی چیز تلاش کرنے میں ناکام رہے تو کائیلہ نے اگلی ویڈیو میں خود اس راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ”آپ ککنگ پینل کے سیاہ حصے کو زوم کرکے دیکھیں۔ یہ حصہ چمکدار ہے جس میں اس کے سامنے کھڑے لوگوں کا عکس نظر آ رہا ہے۔ اس وقت اس پینل کے سامنے میرے بوائے فرینڈ کے علاوہ ایک لڑکی بھی کھڑی ہے۔ لڑکی کے سفید رنگ کے ناخن ہیں اوراس نے موبائل فون پکڑ رکھا ہے۔“
جب لوگوں نے پینل کے سیاہ حصے کو بغور دیکھا تو واقعی اس میںایک لڑکے اور لڑکی کا عکس نظر آ رہا تھا اور لڑکی نے اپنے ہاتھوں میں فون پکڑ رکھا تھا۔ کائیلہ اپنی ویڈیو میں بتاتی ہے کہ میرے بھولے بوائے فرینڈ نے مجھے متاثر کرنے اوریہ ثابت کرنے کے لیے تصویر بھیجی کہ اب وہ مزید میرے بغیر نہیں رہ سکتا لیکن یہ کام اسے الٹا پڑ گیا۔ کائیلہ کی یہ ویڈیوز لاکھوں لوگ اب تک دیکھ چکے ہیں اور کمنٹس میں صارفین اس کی عقابی نظر کی تعریف کر رہے ہیں۔ ایک لڑکی نے لکھا ہے کہ ”یہ مرد نہیں جانتے کہ ہم خواتین ’کھوجی‘ ہیں؟“