ڈیرہ غازی خان ریجن کے ندی نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ, ریسکیو ٹیمیں الرٹ
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہل ٹورنٹس میں درمیانے سےاونچے درجے کے سیلابی ریلوں کی وارننگ جاری کر دی ۔جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث اونچے درجے کی سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔اگلے 72 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ غازی خان ریجن کے ندی نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کمشنر ڈیرہ غازی خان متعلقہ ڈی سیز اور انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے ، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، لائیو سٹاک اور دیگر انتظامیہ کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی ریلوں کے پیش نظر ریسکیو و ریلیف آپریشنز کو بروقت یقینی بنایا جائے۔رود کوہیوں کے راستوں میں قائم آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ عوام الناس کو وزیر اعلیٰ کا پیغام پہنچائیں سیلاب کی صورتحال میں آپ نے اپنی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا۔ حکومت پنجاب آپ اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی،خطرے کی صورت میں آپ نے گھروں سے نکلنا ہے اور انتظامیہ سے تعاون کرنا ہے۔