جاپان میں سرکاری راز افشا کرنے پر سخت سزاﺅں کے مجوزہ قانون کی مخالفت کا سلسلہ ملک بھر میں پھیل گیا

جاپان میں سرکاری راز افشا کرنے پر سخت سزاﺅں کے مجوزہ قانون کی مخالفت کا ...

  

ٹوکیو (اے پی پی) جاپان میں سرکاری راز افشا کرنے پر سخت سزاﺅں کے مجوزہ قانون کی مخالفت کا سلسلہ ملک بھر میں پھیل گیا ۔ حکومت اس قانون کو رواں ہفتے کے دوران منظور کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس قانون کی مخالفت کرنے والوں میں وکلائ، صحافی ، مذہبی رہنما اور ایک نوبل انعام یافتہ سائنسدان بھی شامل ہے۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ حکومت اس قانون کو جلد بازی میں منظور کرانا چاہتی ہے حالانکہ نہ صرف اس قانون میں بہت سے ابہام موجود ہیں بلکہ اس کے ذریعے حکومت کو بہت زیادہ اختیارات بھی حاصل ہو جائیں گے۔ خاص طور سے یہ بات کہ سرکاری راز کی تعریف کا اختیار وزراءاور مختلف محکموں کے سینئر افسران کو دے دیا جائے گا۔ جاپانی اخبار آساہی شمبون کے ایک سروے کے مطابق 61 فیصد جاپانی شہری اس قانون کے مخالف ہیں۔ جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے اس قانون کو پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے منظور کروا چکے ہیں جبکہ ایوان بالا سے اس کی منظوری آئندہ جمعہ کو متوقع ہے۔

مزید :

عالمی منظر -