عراق ¾ خود کش حملے میں 14افراد ہلاک ¾ 25زخمی
بغداد (این این آئی) عراق کے شمال میں واقع مقدادیہ میں ایک خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 14افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق خودکش حملے میں بغداد سے 80 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع مقدادیہ میں ایک سنی جنگجو اور قبائلی رہنما کے بیٹے کے جنازے کو نشانہ بنایا گیا۔پولیس نے بتایا کہ سنی جنگجو مدہر الشلال العراقی ایک دن پہلے ہی اپنے گھر کے قریب سڑک کے کنارے نصب بم میں ہلاک ہوئے تھے۔خودکش دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ قبرستان میں تدفین کے لیے جمع تھے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق العراقی کا تعلق ’سہوا‘ یا بیداری گروپ سے تھا جس میں زیادہ تر سنی قبائل کے وہ سابق جنگجو شامل ہیں جو وفاداریاں تبدیل کرکے امریکی فوج کی پشت پناہی سے القاعدہ کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔2008 کے بعد عراق میں تشدد میں بہت اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ رواں برس اکتوبر کے مہینے میں پر تشدد واقعات میں 979 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 158 پولیس اہلکار، 127 فوجی شامل ہیں رواں سال اب تک 650 سے زیادہ شہری تشدد کے واقعات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔