تائیوان کی پاکستان سے تجارت کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار

تائیوان کی پاکستان سے تجارت کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار

  


لاہور(کامرس رپورٹر)تائیوان ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل اور تائیوان بیورو آف فارن ٹریڈ نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی مارکیٹ کے متعلق سروے کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے تائیوان کے تجارتی دورے سے واپسی پر بتائی۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ اُن کی سربراہی میںخواجہ خاور رشید، ابرار احمد، سابق ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نبیلہ انتصار، مرغوب شاکر اور اویس سعید پراچہ پر مشتمل ایک تجارتی وفد نے تائیوان کا کامیاب تجارتی دورہ کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ تپائی اکنامک اینڈ کلچرل سنٹر (Taipei Economic & Cultural Center)کے اکنامک قونصلر ڈاکٹر گوان جائیھ لی (Economic Counselor Dr. Guann-Jyh Lee)کی سربراہی میں دو رکنی ٹیم دسمبر کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرکے تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں معلومات حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تائیوان ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے نائب صدر سائمن وانگ (Simon Wang)نے تجارتی معلومات کے تبادلے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے بتایا کہ بیورو آف فارن ٹریڈ ، منسٹری آف اکنامک افیئرز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ ایچ ایس یو(David HSU)نے وعدہ کیا ہے کہ وہ انڈین فارن مشن میں متعین حکام کو مارکیٹ سروے کے لیے پاکستان بھیجیں گے ۔
لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ بیورو آف فارن ٹریڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ تائیوانی تاجروں کے ساتھ روابط مستحکم کریں تاکہ ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھایا جاسکے اور اس سے پاکستانی تاجروں کو تائیوان کی مارکیٹ میں داخلے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تائیوان ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا مقصد دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مشترکہ منصوبہ سازی کے نئے دروازے کھولنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے نمائشوں اور میلوں کے انعقاد اور تجارتی وفود کے تبادلے کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ وفد نے ڈیپارٹمنٹ آف ویسٹ ایشین اینڈ افریقن افیئرز ، منسٹری آف فارن افیئرز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل رم لونگ لی سے بھی اہم ملاقات کی ہے۔

مزید :

کامرس -