پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کی کاروائیاں جاری ، 69گرانفروش پکڑے گئے
لاہور(جنرل رپورٹر) ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہر بھر میں گرانفروشوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کو جاری رکھااور کارروائی کرتے ہوئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے597مقامات پر چھاپے مارے اور گرانفروشی کرنے پر11دکانداروں کے چالان کیے جبکہ59,500روپے کے جرمانے عائد کیے گئے،38افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروائے گئے اور مجموعی طور پر69افراد کو گرفتار کروایا گیا جن میں سے10افراد کو موقع پر سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ شہر بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پوری طرح متحرک ہیں اور کسی کوبھی گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس حوالے سے شہریوں نے روزانہ کی بنیاد پر گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سادہ لوح شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق ہیں ایسی کالی بھیڑوں کو لمبے عرصے کے لئے جیل کی ہوا کھلائی جائے تاکہ آئندہ یہ گرانفروشی سے باز آجائیں