جعلسازی میں ملوث اسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ بدستور سیٹ پر براجمان ،انتظامیہ خاموش
لاہور(اپنے نمائندے سے)اختیارات کا ناجائز استعمال،کام میں بد نیتی ،رشو ت وصولی ، کر پشن ، روزنامہ پاکستان کی نشاندہی اور لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (پی ایم یو )ہیومن ریسورس مینجر ایچ آر پنجاب مس لیزا کی جانب سے بھیجی جانے والی تحریری رپورٹ کی روشنی میں محکمہ اینٹی کرپشن نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سمیت دیگر ملازمین کے خلاف ،فراڈ ،دھوکہ دہی،جعلسازی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ،اندراج مقدمہ کے باوجود اے ڈی ایل آر والٹن اراضی سنٹر میں اپنی سیٹ پر براجمان اور کام کرنے میں مصروف ،پی ایم یو حکام نے بااثر اے ڈی ایل آر کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے درج کئے جانے والے مقدمہ کی اطلاعات کے باوجود چپ سادھ لی ، اینٹی کرپشن لاہورریجن نے ملزمان کی جلد گرفتاری کے لئے ریڈ ٹیم تشکیل دے دی تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن نے والٹن اراضی سنٹر میں رشو ت وصولی کے مشہور مقدمہ میں ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 91/16درج کر کے گرفتاری کیلئے حکمت عملی طے کر لی ہے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے زیر انتظام چلنے والے والٹن اراضی ریکارڈ سنٹر میں ماہ جون 2016میں اراضی سنٹرمیں سائل سے اپنی زمین کی وراثت کے اندراج کے لئے مبلغ 15ہزار رشوت وصولی کرتے ہوئے مینجر آپریشن محمد عثمان نے ڈسپیچ رائیڈ عثمان بھٹی کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا جس نے بعد ازاں اپنے تحریری بیان میں کہا تھا کہ مذکورہ رقم کی وصولی کی لئے اسے سروس سنٹر انچارج غلام حسین اور اشتیاق احمد نے کہا تھا جن کی معاونت اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ عمر نوازچیمہ کر رہا تھا ، محکمانہ انکوائری کے بعد لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (پی ایم یو) ہیومن ریسورس مینجر(ایچ آر) مس لیزا نے تمام الزام علیہان اے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ والٹن اراضی سنٹر عمر نواز چیمہ ،سروس سنٹر انچارج غلام حسین اور اشتیاق حسین کے ساتھ ڈسپیچ رائڈر عثمان بھٹی کا کیس محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن کو ریفر کر دیا ، محکمہ اینٹی کرپشن میں مس لیزا کی مدعیت میں بھیجی جانے والی فائل پر مکمل تحقیقات کے بعد انکوائری آفیسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوسٹی گیشن چوہدری ریاض حسین نے ملزمان کے خلا ف اندراج مقدمہ کی سفارش کی جس کے مقدمہ نمبر 91/16درج کر لیا ہے ۔تفتیشی آفیسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوسٹی گیشن چوہدری ریاض حسین نے کہا ہے کہ میرٹ پر تفتیش کرکے تمام گنہگاروں کا تعین کیا جائے گا ،اندراج مقدمہ کے بعد جلد ہی ملزمان کو گرفتاربھی کر لیا جائے گا،دوسری جانب پی ایم یو کے ترجمان نے کہا ہے کہ جو بھی اس مقدمہ میں گنہگار ہے اس کو سزا ملنی چاہئے ،کسی کے ساتھ رعایت یا اس کو سپورٹ نہیں کیا جارہا ہے۔اے ڈی ایل آر عمر سیف چیمہ کا کہنا ہے کہ الزام بے بنیاد ہے س وقوعہ سے کوئی تعلق نہیں ۔