نئی مسافر انتظار گاہوں کو 10دسمبر تک روشن کرنے کی ہدایت ، اشتہار لگانے پر پابندی

نئی مسافر انتظار گاہوں کو 10دسمبر تک روشن کرنے کی ہدایت ، اشتہار لگانے پر ...

 لا ہور (اپنے خبر نگا ر سے،جنرل رپورٹر)جیل روڈ، مین بلیوارڈ، ایم ایم عالم روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو و دیگر علاقوں میں نئی تعمیر مسافر انتظارگاہوں (بس شیڈز) میں لائٹنگ کو 10دسمبر تک ہر صورت مکمل کیا جائے اور پھر باقاعدگی سے ان کو مستقل پیمانوں پر بحال رکھا جائے۔ مختلف سڑکوں پر موجود لائٹس پولز کی صفائی کا مستقل انتظام کیا جائے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار مختلف روڈ پر نئے تعمیر شدہ بس شیڈز (مسافر انتظارگاہوں) میں روشنی کے مستقل انتظام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عثمان خالد، اے سی جنرل منور بخاری سمیت پی ایچ اے، ایل ٹی سی کے افسران و ٹی ایم اوز نے شرکت کی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے واضح کیا کہ ایل ٹی سی کے ساتھ ساتھ متعلقہ ٹی ایم ایز مسافر انتظارگاہوں پر لگنے والے پوسٹرز کو ختم کریں اور باقاعدگی کے ساتھ اس کو چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ 10دسمبر تک لاہور کی مختلف سڑکوں پر تعمیر شدہ 28مسافر انتظار گاہوں میں روشنی کا مستقل انتظام کیا جائے۔ انہوں نے ایل ٹی سی کے ساتھ متعلقہ ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ مسافر انتظارگاہوں میں پوسٹرز کو آویزاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں جبکہ وہاں پر کسی ریڑھی وغیرہ کو بھی نہ آنے دیں۔ نئی تعمیر شدہ مسافر انتظارگاہوں کو شام کے بعد مکمل طور پر روشن ہونا چاہیے تاکہ یہ جس مقصد کے لیے بنی ہیں اس کا فائدہ مسافروں کو بہترین انداز میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نئی مسافر انتظارگاہیں بہترین و جدید ڈیزائنز پر تعمیر کی گئی ہیں جس کا ایک مقصد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ بھی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...