جرائم پیشہ افراد نے کراچی سے لاہور کا رخ کرلیا،محمودالرشید
لاہور (نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ جرائم پیشہ افرادنے کراچی سے لاہور کا رخ کر لیا ، پنجاب میں امن و امان کی بدترین صورتحال ہے اور شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے، حکومت اپنی ترجیحات کو بدلے ، اور نج ٹرین اور فلائی اوو رز سے باہر نکل کر لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کریں، ورنہ پنجاب کے عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں چوری ڈکیتی اور قتل کی وارداتوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، حکمران صرف شہریوں کو گردان سنا کر حوصلہ دے رہے ہیں۔ ہم کافی عرصے سے سن رہے ہیں پنجاب میں تھانہ کلچر کی تبدیلی، گڈ گورننس، کہاں ہیں اب تھانہ کلچر کی تبدیلی اور گڈ گورننس، میرا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ترجیحات کو بد لیں۔ اور نج لائن ٹرین اور فلائی اوور ز سے باہر نکلیں۔ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کریں، ورنہ پنجاب کی عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہر 10 منٹ کے بعد ڈکیتی ہورہی ہے، 50 فیصد لوگ وارداتوں پر صبر شکر کرکے گھر بیٹھ جاتے ہیں اور تھانوں میں ایف آئی آر درج نہیں کرواتے۔ شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہا ہے، ایسا لگتا ہے کہ جرائم پیشہ افراد نے کراچی سے لاہور کا رخ کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی بھی محفوظ نہیں ہیں تو عام آدمی کا کیا ہو گا۔
محمودالرشید