پڑوسی ملک کے بعص حلقے افغانستان میں امن نہیں چاہتے ، اشرف غنی کی ہرزہ سرائی

پڑوسی ملک کے بعص حلقے افغانستان میں امن نہیں چاہتے ، اشرف غنی کی ہرزہ سرائی

 کابل(اے این این) افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا روایتی الزام دہراتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں امن و امان کی بحالی میں دلچسپی رکھنے والے بعض ملکوں نے جاری لڑائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ ہمارے ہمسایہ ملک میں بعض حلقے نہیں چاہتے کہ افغانستان میں جنگ کا خاتمہ ہو، پاکستان پر دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت ترک کرنے کیلئے دباؤ نہ ہوناافغان میں جاری جنگ کی ایک وجہ ہے ۔ افغان صوبے بلخ کے دورے کے دوران سیکورٹی فورسز سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ملک میں ہر جگہ کلیئرنس آپریشنز شروع کرکے دہشت گردی سے بھرپور انداز میں نمٹنے ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن کی بحالی کے خواہاں بعض ملکوں نے ملک میں جاری جنگ پر تشویش ظاہر کی ہے لیکن ہمارے پڑوس میں بعض حلقے افغانستان میں جنگ کا خاتمہ نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہاکہ افغان میں جنگ جاری ہونے کی بہت سی وجوہات ہیں جن میں پاکستان پر دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت ختم کرنے کیلئے دباؤ نہ ڈالا جانا، جنگ کے خاتمے میں مدد کیلئے امریکہ کی ناکامی ، علاقائی و عالمی تعاون کا فقدان اور افغان حکومت کا عالمی امداد مناسب انداز میں استعمال کرنے میں ناکام رہنا شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ماضی میں افغان سیکورٹی فورسز کو بہتر انداز میں لیس اور مالی معاونت فراہم کی جاتی تو افغانستان میں پائیدار امن و استحکام قائم ہوچکا ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ تعداد کی مد میں افغان سیکورٹی فورسز کے پاس بہترین صلاحیت ہے لیکن معیار کی مد میں انہیں موزوں آلات و ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغان فضائیہ کو جدید لڑاکا طیاروں کی اشدضرورت ہے۔ اشرف غنی نے کہاکہ صرف اور صرف افغان فورسز ہی ملک میں عسکریت پسندی پر قابو پاسکتے ہیں کیونکہ عالمی افواج افغانستان کی پیچیدہ جغرافیائی صورتحال سے ناواقف ہیں اورگزشتہ 15 سال سے زائد عرصے میں وہ دہشت گردی کو ختم نہیں کرسکیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ صرف افغانستان ہی دہشت گردی کا بنیادی شکار ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے علاقائی اور عالمی سطح پر افغانستان کے ساتھ تعاون کیاجانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگر علاقائی اور افغانستان کے ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تو ہم جلد ملک سے عسکریت پسندی کاخاتمہ کردینگے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ اول


loading...