مدیران اور صحافیوں کے مسائل بھرپور طریقے سے حل کرینگے، مریم اورنگزیب

مدیران اور صحافیوں کے مسائل بھرپور طریقے سے حل کرینگے، مریم اورنگزیب

کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں آزادی صحافت پر فخر ہے ، مدیران اور صحافیوں کے مسائل بھرپور طریقے سے حل کریں گے ،صحافیوں کے تحفظ کا بل آئندہ سال پیش کر دیا جائے گا ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام منعقدہ ’’میٹ دی ایڈیٹرز‘‘ پروگرام میں کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں اور پاکستان میں آزادی صحافت پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو مستحکم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔پریس کونسل کو بھی فعال ادارہ بنائیں گے جبکہ حکومت صحافیوں کے حقوق کیلئے قانون سازی کر رہی ہے اور آئندہ سال بل پیش کر دیا جائے گا۔ پاکستان میں پرنٹ میڈیا ایک ذمہ دار کردار ادا کر رہا ہے اور الیکٹرانک میڈیا کے مقابلے میں پاکستان کا پرنٹ میڈیا زیادہ معتبر، معیاری اور صحافتی اخلاقیات کے اصولوں پر عمل پیرا ہے یہی وجہ ہے کہ رائے عامہ کی تشکیل میں پرنٹ میڈیا کا کردار معتبر ترین سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھی زبان سمیت مقامی زبانوں کے اخبارات نیز چھوٹے علاقوں سے نکلنے والے اخبارات بھی رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وزارت اطلاعات نے پرنٹ میڈیا بالخصوص علاقائی میڈیا کی ترقی و ترویج پر بھرپور توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں علاقائی اور مقامی زبانوں کے پرنٹ میڈیا کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لئے وزارت اطلاعات خصوصی اقدامات کے تعین کیلئے ایک بڑا اجلاس بھی منعقد کر رہی ہے۔ پرنٹ میڈیا کا بجٹ بڑھانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں جلد ہی پرنٹ میڈیا کا بجٹ بڑھا دیا جائے گا۔انہوں نے صحافیوں کی تربیت و آگہی کے لئے سی پی این ای کی جانب سے میڈیا ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے فیصلے کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ میڈیا سیکیورٹی کا ڈرافٹ بن گیا ہے جس پر ایڈیٹروں اور صحافیوں سے مشاورت کے لئے رابطہ کیا جائے گا تاکہ اسے فروری ۷۱۰۲ء تک منظوری کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی ڈیجیٹل سیفٹی کے حوالے سے جلد سائبر ونگ کی بھی تشکیل کرے گی۔وفاق اور پنجاب کی طرح سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بھی یکساں ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی نیک نیتی اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی محنت اور کوششوں سے تمام مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...