پائیدار قیام امن کیلئے ضرب عضب پرعملدرآمد کرایا جائے،علامہ قمرزیدی

پائیدار قیام امن کیلئے ضرب عضب پرعملدرآمد کرایا جائے،علامہ قمرزیدی

راولپنڈی (جنرل رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ملک میں پائیدارامن کے قیام اورضرب عضب آپریشن کوکامیاب منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پرموثرعملدرآمدکویقینی بنائے، کالعدم گروپوں کونئے ناموں سے کام کرنے سے سختی کیساتھ روکے ، ان کی میڈیاکوریج ،انتخابات میں حصہ لینے اورپریس کانفرنسیں کرنے پرپابندی لگائے ، ایام عزاکے الوداعی ماتمی جلوسوں ، مجالس اور8 ربیع الاول کوملک بھرمیں برآمدہونے چپ تعزیوں کے جلوسوں کی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کرے اورمیڈیاانہیں بھرپورکوریج دے۔یہ مطالبات انہوں نے جمعہ کو قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلا ن کردہ عالمی ہفتہ عہد و پیمان کی مناسبت سے انجمن فیض پنجتن کے زیر اہتمام امام بارگاہ زین العابدین میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیے۔ سیدقمرزیدی نے باورکرایاکہ انبیاء علیم السلام ، ہادیان دین اورنمائندگان الہیٰ کامقصدعدل وانصاف کاقیام اورظلم وبربریت کاخاتمہ تھاجس کیلئے انہوں نے مصائب الام کابے جگری کیساتھ مقابلہ کیااوراپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری دنیاکوظلم وستم کاسامناہے اورسب سے بڑاظلم دہشت گردی ہے جوعالمی مسئلہ بن چکاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے ڈسا جارہاہے۔ سیدقمرزیدی نے اس امرپراطمینان کااظہارکیاکہ نیشنل ایکشن پلان اورآپریشن ضرب عضب کامیابی کی طرف بڑھ رہاہے لیکن بعض اندرونی وبیرونی قوتیں اسے ناکام کرنے پرتلی ہوئی ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اسلام آبادوراولپنڈی سمیت ملک بھرمیں دہشت گردی کیخلاف کراچی طرزکاآپریشن کرکے دہشت گردوں انکے سہولت کاروں اورمعاشرت ومعیشت کے چورڈاکووں کوعبرت ناک سزادی جائے ۔ علامہ مفتی باسم زاہری نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانوادہ محمد و آل محمد کا پاکیزہ اسوہ فلاح دارین کی ضمانت ہے،استعماریت ،ظلم و جبر اور ناانصافی کی ستائی ہوئی دنیا کو نجات کی راہ دکھانے کیلئے عظمت محمد و آل محمد کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ ان پاکیزہ ہستیوں کا اسوہ ہر مظلوم و مستضعف کیلئے امید کی کرن اور حوصلہ مندی کی سبیل ہے کیونکہ دین کے تحفظ و پاسداری کیلئے اولادِ فاطمہ ؑ نے اپنے اپنے ادوار کے جابرو ظالم حکمرانوں سے نبردآزما ہوکر پیغام توحید و رسالت و ولایت کا حق اداکر دیا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...