پولیس کے 11 گریجویٹس کو انٹر ویوز میں شامل ہونے کی اجازت
پشاور(نیوزرپورٹر)پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس مظہرعالم میانخیل اور جسٹس ابراہیم خان پرمشتمل دورکنی بنچ نے پبلک سروس کمیشن کو محکمہ پولیس کے گیارہ گریجویٹس اہلکاروں کو اے ایس آئی کی پوسٹوں کے لئے انٹرویومیں شامل ہونے کی اجازت دے دی ہے اورکمیشن سے جواب مانگ لیاہے فاضل بنچ نے یہ احکامات گذشتہ روز زرتاج انورایڈوکیٹ کی وساطت سے دائرعظمت سمیت گیارہ کانسٹیلز کی رٹ پٹیشن پرجاری کئے اس موقع پرعدالت کو بتایاگیاکہ درخواست گذارمحکمہ پولیس میں بطورکانسٹیبل تعینات ہیں اوروہ گریجویشن کرچکے ہیں اورمحکمے میں 324اے ایس آئی کی پوسٹیں مشتہرہوئیں جس کے لئے بطورکانسٹیبل 5سالہ ملازمت پوری کرنے والے گریجویٹس بھی درخواستیں دینے کے اہل ہیں اورانہوں نے بھی پبلک سروس کمیشن کو درخواستیں دیں تاہم درخواست گذاروں کو یہ کہہ کرنااہل قرار دیاگیاکہ انہوں نے گریجویشن کانسٹیبل بھرتی ہونے کے بعد کی ہے جبکہ پولیس رولزسٹینڈنگ آرڈر نمبر 13سال2014ء کے مطابق درخواست گذارمذکورہ پوسٹ کے اہل ہیں لہذاپبلک سروس کمیشن کے احکامات کالعدم قرار دئیے جائیں فاضل بنچ نے ابتدائی دلائل کے بعد درخواست گذاروں کو انٹرویو میں شامل ہونے کی اجازت دیتے ہوئے کمیشن سے جواب مانگ لیاہے ۔