عمرہ ویزہ فیس کی واپسی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں ، یحییٰ پولانی

عمرہ ویزہ فیس کی واپسی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں ، یحییٰ پولانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے چیئرمین محمد یحییٰ پولانی نے سعودی عرب حکومت کی جانب سے عمرہ ویزہ فیس کی واپسی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کے مذکورہ اقدام سے دیار مقدس کی زیارت کرنے کے خواہش مند افراد کی دلی آرزو پوری ہوئی ہے ۔سعودی عرب حکومت نے ہمیشہ زائرین کے مفاد میں فیصلہ کیے ہیں ۔جمعہ کو جاری ایک بیان میں محمد یحییٰ پولانی نے کہا کہ عمرہ ویزہ پر سعودی حکومت کی جانب سے 2ہزار ریال فیس لاگو کرنے سے دیار مقدس جانے کے خواہش مند ایسے افراد جو متوسط طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ان پر اضافی بوجھ پڑھ گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن اس مسئلے کو حل کرانے کے لیے ہر سطح پر کوشش کی ،جس کے بعد سعودی حکومت نے عمرہ ویزہ پرلگائی گئی فیس واپس لے لی ہے جس سے عمرہ کرنے کے خواہشمند افراد کو دلی مسرت حاصل ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب حکومت نے ہمیشہ زائرین کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہے ۔ہم سعودی عرب حکومت کے مذکورہ فیصلے پر ان کے شکر گذار ہیں ۔