پارلیمانی رکنیت عوام اور حق پرست شہداء کی امانت ہے،واسع جلیل

پارلیمانی رکنیت عوام اور حق پرست شہداء کی امانت ہے،واسع جلیل

لندن (این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل نے کہاہے کہ سینیٹ ، قومی اورصوبائی اسمبلی کی رکنیت قائد تحریک الطاف حسین، عوام اور حق پرست شہداء کی امانت ہے اور جولوگ قائد تحریک سے لاتعلقی اختیارکرچکے ہیں انہیں یہ امانت واپس کردینی چاہیے۔ ایک بیان میں واسع جلیل نے کہاکہ ایم کیوایم کے نام پر سینیٹ ، قومی اور صوبائی اسمبلی کے ایوانوں میں پہنچنے والے اپنی ذاتی حیثیت میں الیکشن لڑنے کا تصورتک نہیں کرسکتے ، انہیں قائد تحریک الطاف حسین نے نہ صرف الیکشن لڑنے کا موقع دیا بلکہ ان کی انتخابی مہم کے دوران سینکڑوں خطابات بھی کیے اور قائد تحریک کی اپیل پر عوام نے ان امیدواروں کے انتخابی اخراجات کیلئے عطیات دیئے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ امرانتہائی افسوسناک ہے کہ حق پرست شہداء کی قربانیوں اور الطاف حسین کی شب وروز محنت کی بدولت منتخب ایوانوں کی رکنیت حاصل کرنے والے آج اسی قائد سے لاتعلقی اختیار کرچکے ہیں جن کی بدولت انہیں عزت ، شہرت، نام ، مقام اور دولت میسرآئی ۔ان عناصر کو چاہیے کہ وہ الطاف حسین، عوام اور حق پرست شہداء کی امانت واپس کریں اوراپنے نام سے الیکشن لڑیں کیونکہ جو لوگ قائد تحریک الطاف حسین سے لاتعلقی اختیارکرچکے ہیں ان کا منتخب ایوانوں کی رکنیت پر فائز رہنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہتا۔ واسع جلیل نے ایم کیوایم کے نام سے منتخب ہونے والے تمام سینیٹرز ، ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی پارلیمانی نشستوں سے استعفیٰ دیں اور اس کے بعد اپنے بل پر الیکشن لڑکر جو چاہیں راستہ اختیارکریں ان کے کسی بھی عمل پر حق پرست عوام کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...