کیویز کیخلاف فیصلہ کن ٹیسٹ میں پاکستان فیورٹ ہے:ظہیرعباس

کیویز کیخلاف فیصلہ کن ٹیسٹ میں پاکستان فیورٹ ہے:ظہیرعباس

اسلام آباد(اے پی پی)سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہہیر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ کرکٹ میچ میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے اور امید ہے کہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کامیابی حاصل کرے گی، میچ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اتوار کو ’’میڈیا‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے میچ اپنے نام کیا، جس کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تیسرے میچ میں بھی اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ کھلاڑی ان فٹ ہوئے ہیں اسی لئے قومی ٹیم کو احتیاط سے کھیلنا پڑے گا تاکہ سیریز میں پاکستان کامیابی حاصل کر سکے۔ ظہیر عباس نے کہا کہ پاکستان کی باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں نیوزی لینڈ پر پلڑا بھاری ہے جس سے مخالف ٹیم پر دباؤ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ محمد عباس کے زخمی ہونے کی وجہ سے شاہین شاہ آفریدی کو موقع دینے کا امکان ہے، وہ بھی مخالف ٹیم کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے، اسی طرح پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف سپن باؤلنگ کے شعبے میں بھی پلڑا بھاری ہے اور یاسر شاہ سے نیوزی لینڈ کی ٹیم خوفزدہ ہے کیونکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے ان کے خلاف 14 وکٹیں حاصل کی تھیں جو کہ ایک باؤلر کے لئے بڑی بات ہوتی ہے، امید ہے کہ یاسر شاہ اسی کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار اد اکریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی