شاہین اور کیویز کا آج سے فیصلہ کن معرکہ شروع ، سرفراز جیت کیلے پر امید

شاہین اور کیویز کا آج سے فیصلہ کن معرکہ شروع ، سرفراز جیت کیلے پر امید

  

ابوظہبی (آئی این پی)پاکستان اورنیوزی لینڈکے مابین 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ (آج)پیر سے شیخ زید کر کٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں شروع ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1سے برابر ہے۔فیصلہ کن میچ سے قبل گرین شرٹس نے بھرپورپریکٹس کی،بیٹنگ ،باؤلنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی مشقین کی جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو لیکچر بھی دیا،انجرڈ فاسٹ بولر محمد عباس کی جگہ نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے،ابھی تک کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے اور 19میں سے10سیریز گرین شرٹس جبکہ صرف 3بلیک کیپس کے نام رہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اورنیوزی لینڈکے مابین آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ (آج)پیر سے شیخ زید کر کٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں شروع ہوگا۔ کیویز نے پہلے میچ میں پاکستان کو 4رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کیویز کو اننگز اور 16رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔دونوں ٹیموں کے مابین تیسراٹیسٹ میچ فائنل میچ کی حیثیت اختیارکرچکاہے جوٹیم یہ میچ جیتے گئی وہی ٹیم اس ٹیسٹ سیریزکی فاتح ہوگئی۔پاکستان اورنیوزی لینڈکے کپتانوں نے آخری ٹیسٹ جیت کرسیریزجیتنے کے دعوے کئے ہیں۔یواے ای میں دونوں ٹیموں کے مابین اب تک5ٹیسٹ میچ کھیلے گئے دونوں ٹیموں نے2،2میچ جیتے اورایک میچ ڈراہوا۔یواے ای میں دونوں ٹیموں کی کامیابی کاتناسب40،40فیصدہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی گئی19ٹیسٹ سیریزمیں سے10سیریزپاکستان نے جیتیں،نیوزی لینڈنی3اور6ٹیسٹ سیریزڈراہوئیں۔دوسری جانب فیصلہ کن معرکے کی تیاری کیلئے پاکستانی کرکٹرز نے بھرپور مشقیں کیں،ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بلند حوصلہ پاکستانی کرکٹرز کو لیکچر دیا، وارم اپ کے بعد فیلڈنگ سیشن میں کھلاڑیوں نے مشکل کیچ تھامنے کے ساتھ وکٹوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔بیٹسمینوں میں کوچز کی توجہ ٹاپ آرڈر پر مرکوز رہی، محمد حفیظ اور امام الحق نے نیٹ میں طویل سیشن کرتے ہوئے آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندوں پر تکنیک بہتر بنائی، اظہر علی، اسد شفیق اور حارث سہیل نے پیسرز کے بعد اسپنرز کا بھی سامنا کیا،سرفراز احمد اچھے اسٹروکس کھیلتے نظر آئے۔انجرڈ فاسٹ بولر محمد عباس کا خلا پر کرنے کیلیے مضبوط امیدوار شاہین شاہ آفریدی پر کوچز نے خصوصی توجہ دی، بولنگ کوچ اظہر محمود نے انھیں مفید مشورے دیے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -