یاسر شاہ کے پاس ٹیسٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے کا موقع

یاسر شاہ کے پاس ٹیسٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے کا موقع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ابوظہبی(اے پی پی) پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز سپنر یاسر شاہ کو ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے کا موقع مل گیا، انہیں تیز ترین 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے مزید 5 وکٹیں درکار ہیں، ان کی حالیہ فارم اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ وہ (آج) پیر کو نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں 200 وکٹوں کے ہندسے کو عبور کر لیں گے، اگر یاسر شاہ کامیاب ہوئے تو وہ تیز ترین 200 وکٹوں کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیں گے، یاسر شاہ نے اب تک 32 میچز میں 195 وکٹیں لے رکھی ہیں، اس وقت اس ریکارڈ پر سابق آسٹریلوی باؤلر گریمٹ کا قبضہ ہے جنہوں نے 36 میچز میں سنگ عبور کیا تھا۔ اس کے علاوہ یاسر شاہ 200 وکٹیں لینے والے ساتویں پاکستانی باؤلر کا اعزاز بھی حاصل کریں گے، پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم 414 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، وقار یونس 373 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، عمران خان 362 وکٹوں کے ساتھ تیسرے، دانش کنیریا 261 وکٹوں کے ساتھ چوتھے، عبدالقادر 236 وکٹوں کے ساتھ پانچویں اور ثقلین مشتاق 208 وکٹوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔