بنگال ٹائیگرز کی ونڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 184 رنز سے شکست
ڈھاکہ(اے پی پی) مہدی حسن میراز کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے کالی آندھی کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مشن کلین سویپ مکمل کر لیا، بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 184 رنز سے زیر کر کے پہلی مرتبہ حریف ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں بھی ویسٹ انڈین ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم 213 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، مہمان ٹیم دونوں اننگز کھیل کر بھی میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر نہ کر سکی، شمرون ہٹمائر کے سوا کالی آندھی کا کوئی بھی کھلاڑی بنگلہ دیشی باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، ہٹمائر کی 93 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکی، مہدی حسن میراز نے میچ میں 12 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، مہدی حسن میچ اور شکیب الحسن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو ڈھاکہ ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 75 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 233 رنز درکار تھے، مہدی حسن نے غیرمعمولی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو وکٹ پر زیادہ دیر تک ٹھہرنے کا موقع ہی نہ دیا اور پوری ٹیم 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا، ہٹمائر 39، شین ڈورچ 37، بیشو اور کیمر روچ ایک، ایک، اور شیرمون لیوس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، مہدی حسن نے 7 اور شکیب الحسن نے 3 وکٹیں لیں، ویسٹ انڈین ٹیم 397 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی اس کے بلے باز ناکام رہے۔
، شمرون ہٹمائر کے سوا کوئی بھی بلے باز بنگال ٹائیگرز کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا مقابلہ نہ کر سکا، ہٹمائر نے 9 چھکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی ٹیم کے کام نہ آ سکی، کپتان کریگ بریتھویٹ 1، کیرن پاویل 6، شائی ہوپ 25، ایمبرس 4، روسٹن چیس 3، ڈورچ 3، بیشو 12، ویریکن صفر اور لیوس 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، روچ 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، مہدی حسن نے 5 تیجل اسلام نے 3، شکیب الحسن اور نعیم اسلام نے ایک، ایک وکٹ لی۔