پریانکا چوپڑا شادی میں پٹاخے جلانے پر تنقید کا شکار

پریانکا چوپڑا شادی میں پٹاخے جلانے پر تنقید کا شکار

جودھ پور(مانیٹرنگ ڈیسک)نامور بالی ووڈ اداکارہ اور سابق ملکہ حسن پریانکا چوپڑا اپنی شادی میں پٹاخے جلانے پر تنقید کا نشانہ بن گئیں۔اداکارہ پریانکا چوپڑا اورنک جونز گزشتہ روز بھارتی ریاست جودھ میں کرسچن روایات کے مطابق شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ شادی کی خوشی میں امید بھون پیلس میں پٹاخے جلا کرشادی کا جشن منایاگیا تاہم سوشل میڈیا صارفین کو اداکارہ کا پٹاخے جلا کر جشن منانا بالکل بھی پسند نہیں آیا اورصارفین نے انہیں منافق قراردے دیا۔کچھ عرصے قبل پریانکا چوپڑا کی دیوالی کے موقع پر ایک ویڈیو منظرعام پر آئی تھی جس میں وہ بھارت میں بڑھتی ماحولیاتی آلودگی کے باعث تمام لوگوں کو دیوالی پر پٹاخے جلانے سے منع کرتی نظر آرہی تھیں تاکہ تمام لوگ اور جانور کْھل کر سانس لے سکیں۔ تاہم پریانکا اپنا دیا ہوا سبق خود ہی بھول گئیں اور گزشتہ روز خوب پٹاخے جلائے۔سوشل میڈیا صارفین نے پٹاخے جلانے پر غصے کااظہار کرتے ہوئے پریانکا پر خوب تنقید کی اورانہیں منافق قرار دیتے ہوئے کہا دیوالی پر پٹاخے جلانا مناسب نہیں لیکن آپ اپنی شادی میں جلائیں تو کوئی بات نہیں، یہ منافقت نہیں تو اور کیا ہے۔واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونز آج ایک بار پھر ہندو رسومات کے مطابق شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔

مزید : کلچر