سوہائے علی کے نئے ڈرامہ ’’سرخ چاندنی‘‘کی ریکارڈنگ جاری

سوہائے علی کے نئے ڈرامہ ’’سرخ چاندنی‘‘کی ریکارڈنگ جاری

  

لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ سوہائے علی ابڑو ڈرامہ سیریل ’’سرخ چاندنی‘‘میں تیزاب سے متاثرہ لڑکی کا کردار کریں گی جسے ثنا شاہنواز اور ثمینہ ہمایوں سعید پروڈیوس کررہی ہیں اور اس کی کاسٹ میں سمیع خا ں،منشاپاشا،حسن احمد،لبنیٰ اسلم اور اسد صدیقی سمیت بہت سے فنکار شامل ہیں۔اس ڈرامہ سیریل کی ریکارڈنگ تیزی سے جاری ہے۔اس کی کہانی اسماء نبیل نے تحریر کی ہے جبکہ ڈائریکٹر شاہد شفاعت ہیں۔اس بارے میں سوہائے علی نے بتایا کہ جب مجھے اس کہانی بارے پتہ چلا تو میں فوری طور پر کام کے لئے تیار ہوگئی کیونکہ یہ صرف ایک ڈرامہ ہی نہیں بلکہ ایک معاشرتی تحریک بھی ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں آئے روز خواتین تیزاب گردی کا شکار ہوکر زندگی بھر کے لئے معذور ہوجاتی ہیں جنہیں بعد میں کوئی بھی قبول نہیں کرتا۔ ایک سوال کے جواب میں سوہائے علی کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے مشکل اور چیلنجنگ کام کرنے کی عادی ہوں اور یہ کردار بھی میں نے اسی لئے قبول کیا کیونکہ میں تیزاب سے متاثرہ عورتوں کا درد محسوس کرتی ہوں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈرامے کی ریکارڈنگ شروع ہوچکی ہے جس کے لئے مسرت مصباح نے بھی خصوصی تعاون کیا ہے اور ڈرامے کی کچھ ریکارڈنگ’سمائل اگین‘سنٹر میں بھی کی گئی۔

مزید :

کلچر -