اپنی پالیسیوں پر ایمان داری سے عمل کرینگے ، راہداری کھولنا نیک نیتی ، سکھ برادری کے بے حد احترام ، گگلی والا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا : شاہ محمود قریشی

اپنی پالیسیوں پر ایمان داری سے عمل کرینگے ، راہداری کھولنا نیک نیتی ، سکھ ...

اسلام آباد،ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ میرا گگلی والا بیان بھارتی حکومت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تھا، ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا لیکن اس اقدام سے سکھوں کے ساتھ تعلقات میں دراڑ پیدا نہیں ہوسکتی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے بیان کا جواب ٹوئٹر پر دیا اور کہا میرے تبصرے کو سکھ جذبات سے جوڑنا جان بوجھ کر گمراہ کرنا ہے۔ میں نے بھارتی حکومت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں بات کی تھی۔ ہم سکھ برادری کے جذبات کا بے حد احترام کرتے ہیں حقائق توڑ مروڑ کر پیش کرنے یا تنازعات پیدا کرنے سے ان میں دراڑ پیدا نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ سکھ بھائیوں کی طویل عرصے کی خواہشات کے باعث راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ راہداری کھولنے کا تاریخی فیصلہ نیک نتی کے ساتھ کیا گیا اور اس پر اچھی نیت سے عملدرآمد ہوگا۔علاوہ ازیں مجاہد ٹاؤن ملتان میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں جو حالات ملے وہ آسان نہیں ملے پھربھی ہم قوم کے توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ آپ لوگوں نے عوام کو حوصلہ دینا ہے۔ پچھلے 30 سالوں کی غفلت کی وجہ سے بگاڑ ہمارے کندھوں پر آیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے قوم کو متحرک کیا ہے ٗحکومتی ذمہ داریوں کیساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داریاں ہیں۔جو لوگ بلاخوف سرکاری فنڈز کا غلط استعمال کرتے تھے آج کتراتے ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکن دیگر جماعتوں کے کارکنوں سے زیادہ باشعور ہے۔ ہم نے کہا تھا منشور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پہلے 100 دن میں سمت کا تعین کریں گے۔

شاہ محمو دقریشی

مزید : صفحہ اول