گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرانے کا کام شروع ، ایسا کرنے سے روئی ، بجلی ، گیس سستی نہیں ہو جائیگی : اپوزیشن

گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرانے کا کام شروع ، ایسا کرنے سے روئی ، بجلی ، گیس ...

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا کام شروع کر دیا گیا،الحمرا کے سامنے مال روڈ پر گورنر ہاؤس کی دیواروں سے جنگلے بھی اْتار لیے ہیں۔دوسری طرف چیئرمین قومی ورثہ کمیشن شفقت محمود کا کہنا ہے کہ گورنرہاؤس کی عمارت کو قطعی طورپر نہیں گرایا جارہا بلکہ گورنرہاؤس کی دیوار کی جگہ خوبصورت آہنی جنگلہ لگایا جائے گا اور گورنرہاؤس میں آرٹ گیلری بھی قائم کی جائے گی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گورنرہاؤس میں بوٹینیکل گارڈن بنایا جائے گا اور میوزیم بھی قائم کیا جارہا ہے جبکہ کراچی اورپشاور کے گورنرہاوسز میں بھی مناسب تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نتھیا گلی گورنرہاؤس کو ہوٹل میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

گورنر ہاؤس

اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے گورنر ہاوس پنجاب کی دیواریں گرانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران صاحب کنٹینر پہ تھے تو پی ٹی وی اور پارلیمنٹ کی دیواریں توڑی تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ عادت سے مجبور عمران صاحب کا اب گورنر ہاؤس پنجاب پر حملہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو وزیراعظم کٹوں، مرغیوں اور انڈوں سے ملک چلائیں اْن کو ملکی تاریخ ، ثقافت اور قومی ورثہ کی اہمیت کا کیا پتہ ؟۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑ کر اپنے آپ کو بیوقوف بنا رہے ہیں کیونکہ عوام آپ کے ڈرامے سمجھ چکی ہے ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑنے سے بجلی اور گیس سستی نہیں ہو گی ۔ سابق وزیراطلاعات نے کہاکہ عمران صاحب گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑنے سے روٹی ، نان اور آٹا سستا نہیں ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑنے سے ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر نہیں ملیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑنے سے ڈالر میں کمی ، غیر ملکی قرضے میں کمی اور غیر ملکی زرِ مبادلہ زیادہ نہیں ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑ کر علیمہ باجی کے ذریعے آپ کی کی ہوئی منی لانڈرنگ چھْپ نہیں سکتی ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب بنی گالہ کے گھر کی دیواریں کب توڑیں گے جو غیر قانونی ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہاعمران خان کو قومی ورثے کا کیا پتا عوام انکے ڈرامے سمجھ چکی ہے ،دوسری طرف شہریوں نے اس عمل پر اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کی دیو ہیکل دیواروں کو گرا کر اس کی جگہ جنگلا لگانا کسی بھی طرح حکومت کی عقل مندی کی غمازی نہیں کرتا انہوں نے کہا کہ ایک جانب حکومت کفایت شعاری اور بچت کا ڈھونک رچا رہی ہے تو دوسری جانب دیواریں گرانے اور ملبہ اٹھوانے پر کس قدر رقم خرچ کی جائے گئی جبکہ ایک محتاط اندازے کے مطابق جنگلے پر 7 کروڑ روپہ خرچ آئے گا۔ جو محض عمران خان کے شاہانہ اور آمرانہ حکم کی نظر ہو جائے گا۔

مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ اول -