چینی کمپنیوں کا پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری میں دلچسپی کا ظہار

چینی کمپنیوں کا پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری میں دلچسپی کا ظہار

  

اسلام آباد (اے پی پی) چین کی عمارات، فرنیچر اور کار پینٹ تیار کرنے والی متعدد کمپنیوں نے پاکستان میں مقامی صنعتکاروں کے ساتھ مل کر تجارت اور سرمایہ کاری میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ہنان بینفرٹ نیو میٹریلز ٹیکنالوجی کے بانی لی شنگ ژن اونگ نے بتایا کہ ان کی کمپنی بین الاقوامی معیار کی کمپنی ہے جو عالمی منڈی میں کیمیائی مصنوعات برآمد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں مقامی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ہنان کیمیکل ووکیشنل ٹیکنالوجی کالج میں سی پیک کیمیکل پینٹ ٹیکنالوجی کمیونیکیشن سینٹر حنان میں منعقدہ فورم سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عنقریب پاکستان کا دورہ کریں گے اور وہاں مارکیٹ کی استعداد کا اندازہ لگائیں گے اس کے بعد وہ پاکستان میں پلانٹ لگانے کے ضمن میں فیصلہ کریں گے۔ لی نے اپنی کمپنی حنان بینفرٹ 2007ء میں قائم کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی کمپنی کی مصنوعات امریکہ اور یورپی ممالک کو برآمد کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بڑھوتری کی جانب گامزن ہے، ملک میں چینی کمپنیوں کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جیانگ جیانگ پینٹ ٹیکنالوجی کمپنی کے جنرل منیجر منگ چین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے جو ترغیبات دی ہیں وہ خوش آئند ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری پر اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے دورے اور وہاں مقامی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتوں کے متمنی ہیں۔ اس موقع پر دیگر پینٹ ساز کمپنیوں کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔

مزید :

کامرس -