باغبانوں کوآم کے باغات کی آبپاشی بند رکھنے کی ہدایت

باغبانوں کوآم کے باغات کی آبپاشی بند رکھنے کی ہدایت

فیصل آباد(اے پی پی ) ماہرین زراعت نے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رواں ماہ دسمبر کے دوران آم کے باغٖات کی آبپاشی بند رکھیں اور پودوں پر نئی منزلیں نہ نکلنے دیں نیز رواں ماہ کے دوران ہر قسم کی پھوٹ کو کاٹنے کے علاوہ موثر زہروں کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے انہیں ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنا چاہئے تاکہ پودوں میں بڈ انڈکشن کا عمل مکمل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار پودوں کے نیچے گہری گوڈی نہ کریں کیونکہ جڑیں زخمی ہونے کی صورت میں مختلف قسم کے جراثیم آم کے پودے کے اندر داخل ہو کر مختلف بیماریوں کا موجب بنتے ہیں ۔

جن میں پودوں کا یکدم مرجھاؤ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان پودے میں غیر ضروری بڑھوتری کو کنٹرول کرنے کیلئے ماہرین زراعت کے مشورہ سے سپرے کریں اور پودے میں نئی آنے والی پھوٹ کی چیکنگ اور اس کی شاخوں کی پختگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ وہ دسمبر کے آخر تک کھادیں ڈالنے کا عمل بھی مکمل کر لیں تاکہ پودے کی بہتر پیداوار میں مددمل سکے۔

مزید : کامرس