پنجاب کی 5سالہ معاشی منصوبہ بندی کا اعلان جلد کیا جائیگا : صوبائی وزیر معدنیات

پنجاب کی 5سالہ معاشی منصوبہ بندی کا اعلان جلد کیا جائیگا : صوبائی وزیر معدنیات

لاہور(اے پی پی )صوبائی وزیرمعدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کیلئے تعلیم اور روزگار میں مطابقت اور فنی تربیت کے مختلف پروگرامز متعارف کروا رہی ہے، اس ضمن میں پنجاب کی آئندہ پانچ سالہ معاشی منصوبہ بندی کا بھی جلد اعلان کر دیا جائیگا۔ مختلف وفود سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ اس وقت بین الاقوامی سطح پر پنجاب کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی کے حوالے سے سب سے بہتر صوبہ تسلیم کیا جا رہا ہے، حکومت پنجاب ٹیکس سسٹم کی مکمل آٹومیشن اور کاروبار اور پراپرٹی کی آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے صوبے کو مزید پرکشش بنا رہی ہے ، نا مساعد مالی حالات کے باوجود انڈسٹریل ذونز کے قیام کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی صنعتوں اور زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے متعلقہ شعبہ جات میں اصلاحات کا آغاز کیا جا چکا ہے، حکومت پنجاب ملک میں معاشی بحران کے خاتمے کیلئے ہر طرح کی سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے ، اس مقصد کیلئے ٹیکس سسٹم میں اصلاحات سمیت تاجر برادری کی جانب سے آنے والی مختلف شکایات اور سفارشات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے اورچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs)کے فروغ کیلئے کسانوں اور ہنر مندوں کو کی مالی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، ملک میں کام کی عمر میں پہنچنے والے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ائندہ چند سالوں میں دنیا کی بہترین لیبر مارکیٹ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ملکی معیشت میں بہتری کا ذمہ دار قرار دیا،پاکستان میں توانائی ، ہاؤسنگ اور انفراسٹریکچر کے منصوبہ جات بیرونی سرمایہ کاروں کی خصوصی دلچسپی کا مرکز ہیں ، اس کے علاوہ انڈسٹریل زونز کی موجودگی بھی کاروبار میں اضافے کیلئے سود مند ثابت ہوگی۔اس ضمن میں پنجاب بین الاقوامی وفود کا پر جوش انداز میں خیر مقدم کریگا اور ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگا۔

مزید : کامرس