افغانستان کے مزید 5صوبوں میں انتخابی نتائج کا اعلان ، ننگز ہار میں ڈرون حملہ 6داعشی جنگجو ہلاک

افغانستان کے مزید 5صوبوں میں انتخابی نتائج کا اعلان ، ننگز ہار میں ڈرون حملہ ...

  

کوہاٹ؍کابل(این این آئی) افغان الیکشن کمیشن نے مزید پانچ صوبوں میں پارلیمانی انتخابات کے غیرختمی نتائج کا اعلان کردیا اوراس طرح اب تک 33 میں سے17 صوبوں میں نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ افغان دارالحکومت کابل سمیت 16 صوبوں کے نتائج کااعلان ہونا باقی ہے۔گزشتہ روز افغان الیکشن کمیشن کے عہدیدار عبدالبادی سید نے مزید پانچ صوبوں کنڑ‘ سمنگان‘ سرائے پل‘ میدان وردک اور نورستان میں پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ابتدائی اور غیرختمی نتائج کے مطابق جن 17 صوبوں میں نتائج کا اعلان کیا گیا ہے ان میں کئی خواتین اراکین بھی کامیاب ہوئی ہیں جن میں وگمہ صافی‘ محبوبہ رحمت‘ عزیزہ جالیس‘ حلیمہ عسکری ‘ حمیدہ اکبری‘ زاہدہ فیضان‘ فریدہ حمیدی اورریحانہ آزاد شامل ہیں۔یادرہے کہ افغانستان کے صوبہ غزنی کے علاوہ باقی 32 صوبوں میں افغان پارلیمانی انتخابات کئی سالوں کی تاخیر سے امسال20اکتوبرکو منعقد ہوئے تھے جبکہ صوبہ قندہار میں 27 اکتوبر کو انتخابات منعقدہوئے تھے۔صوبہ غزنی میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ اب تک 17 صوبوں میں پارلیمانی انتخابات کے غیرختمی نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ افغان دارالحکومت کابل سمیت 16 صوبوں میں نتائج کا اعلان ہونا باقی ہے۔ افغان الیکشن کمیشن کے مطابق جن 18 صوبوں میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے اْن میں کنڑ‘ سمگان‘ سرائے پل‘ میدان وردک‘ نورستان‘ خوست‘ نمروز‘ پروان‘ لغمان‘ پنج شیر‘ کپیسا‘تخار‘دیہی کنڈی‘ فراہ‘ جوزجان‘ اورزگان اور بامیان شامل ہیں۔

کوہاٹ(این این آئی) پاک افغان سرحد پر واقع افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہارمیں امریکی ڈرون نے داعش کے ٹھکانوں پرحملہ کیا جس کے نتیجے میں داعش کے چھ جنگجوہلاک ہوگئے۔سرحدپار سے افغان ملٹری حکام کے حوالے سے آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب امریکی ڈرون نے صوبہ ننگرہار کے ضلع پچیرا و اگام کے مشہورومعروف پہاڑی علاقے تورہ بورہ میں داعش کے خفیہ ٹھکانوں پر حملہ کیا جس کی نتیجے میں داعش کے چھ جنگجوجاں بحق ہوگئے۔اس ضمن میں فوری طورپرمزیدمعلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔ یاد رہے کہ ماضی میں تورہ بورہ کو خاص اہمیت حاصل تھی جہاں القاعدہ کے رہنما روپوش تھے ۔امریکی بمبار طیاروں نے القاعدہ کے خلاف 2001 میں تورہ بورہ کے پہاڑی علاقے میں بہت زیادہ بمباری کی تھی اور القاعدہ کے رہنماؤں اور جنگجوؤں کو یہاں سے فرارہونے پر مجبورکیاتھا۔پاکستان کے سرحد سے متصل اس پہاڑی سلسلے میں اب شاید دوبارہ داعش کے جنگجوؤں نے پناہ لے رکھی ہو جس پر گزشتہ شب امریکی ڈرون نے حملہ کیا۔

مزید :

علاقائی -