وفاقی وزیر بحری امور کا پورٹ قاسم اور کے پی ٹی میں الاٹمنٹ آڈٹ کا اعلان

وفاقی وزیر بحری امور کا پورٹ قاسم اور کے پی ٹی میں الاٹمنٹ آڈٹ کا اعلان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور پورٹ قاسم میں الاٹ کی گئی زمین کا 20 سالہ آڈٹ کرانے کا اعلان کیا ہے۔علی زیدی نے خوجہ جماعت کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی ٹی کی جو بھی فائل اٹھاتا ہوں اڑدھا ہوتا ہے، کوئی نیب یا ایف آئی اے نہیں ہوں، جن جن اڑدھاؤں کی معلومات ملے گی انہیں اداروں کو دوں گا اور اسے عوام کے سامنے لاؤں گا۔علی زیدی نے کہا کہ کے پی ٹی کو ٹھیک کیے بغیر کراچی ٹھیک نہیں ہوسکتا، یہی وجہ ہے کہ کے پی ٹی اور پورٹ قاسم میں 20 سالوں کی الاٹمنٹ کا آڈٹ کروا رہا ہوں۔کراچی میں جاری تجاوزات کیخلاف آپریشن کے حوالے سے علی زیدی نے ماضی کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تجاوزات کس نے قائم کروائیں؟اور پیسے کس نے کمائے؟چاہتا ہوں چیف جسٹس تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ بھی لیں۔اس موقع پر خوجہ جماعت کی جانب سے وفاقی وزیرعلی زیدی کو ڈیم فنڈکے لئے ایک کروڑ روپے کا عطیہ بھی دیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے یوٹرن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ حکمت عملی کی تبدیلی کو ہم یوٹرن کہتے ہیں۔وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ چینج آف اسٹریٹجی (حکمت عملی کی تبدیلی ) ہے جسے ہم یوٹرن کہتے ہیں، راستے میں اگر ٹریفک ہوتا ہے تو آپ یوٹرن لیتے ہیں، آپ کو منزل پر نظر رکھنی ہوتی ہے، وزیر اعظم عمران خان کے یوٹرن سے متعلق بیان پر علی زیدی نے کہا کہ قائداعظم پہلے کانگریس میں تھے بعد میں مسلم لیگ میں شامل ہوئے، علامہ اقبال نے بھی پہلے ہندوستان اور بعد میں پاکستان کی بات کی تاہم حالات کے مطابق اپنے فیصلے بدلنے پڑھتے ہیں۔ن لیگ نے بھی تو قطری خط کو جھٹلایا ہے، یہ یو ٹرن نہیں تو اور کیا ہے۔کراچی میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں علی زیدی نے کہا کہ تاریخ میں جائیں اور دیکھیں پہلے یہ انکروچمنٹ لگوائی کس نے تھی اور اس سے فائدہ کس کو ہوا، ہوسکتا ہے جو آج ہٹوا رہے ہیں انہی کا ہاتھ ہو، چیف جسٹس ازسرنو انکروچمنٹ کا جائزہ لیں، بہت سی چیزیں غلط بھی ہوئی ہیں اور کچھ صحیح بھی ہوئیں، سپریم کورٹ کے احکامات پر آپریشن ہورہا ہے، سندھ میں ہماری حکومت نہیں ہے جو کچھ ہورہاہے سندھ حکومت کررہی ہے۔

کے پی ٹی آڈٹ

مزید : علاقائی