چین سے بڑا اقتصادی پیکج ملاجو ملکی ترقی میں مدد گار ثابت ہوگا ، اسد عمر

چین سے بڑا اقتصادی پیکج ملاجو ملکی ترقی میں مدد گار ثابت ہوگا ، اسد عمر

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو چین سے ایک بڑا اقتصادی پیکج ملا ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں مددگار ثابت ہو گا ٗ وفاق اور صوبوں کے مابین امور کے ہموار چلنے کیلئے این ایف سی ایوارڈ بہت ضروری ہے، این ایف سی ایوارڈز کے معاملات پر تبادلہ خیال کیلئے جلد ہی ایک میٹنگ کی جائے گی ٗسٹیٹ بنک آف پاکستان سمیت تمام قومی اداروں کو حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہونا چاہیے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے سے قبل پاکسان کا بجٹ خسارہ 230 ارب روپے تھا، ہمارے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ خسارہ کم ہو کر اب 130 ارب روپے رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل مل، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے سمیت دیگر قومی اداروں کے مالی خسارے میں کمی اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تمام اختیارات پر غور کر رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبے شروع کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کامیاب غیر ملکی دوروں کے بعد ملنے والی اقتصادی امداد سے ملکی معیشت کو ٹریک پر لانے میں کافی مدد ملی ہے، ملائیشیاء کے دورے کے دوران سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوئیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان سمیت تمام قومی اداروں کو حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہونا چاہیئے اور ملکی ترقی کے لیے انہیں آزادانہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ریاستی اداروں میں مالی نقصانات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ان اداروں سے مالیاتی نقصانات کو کم کرنے اور پیشہ وارانہ تربیت کے ساتھ ان کی کارکردگی اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بدعنوانی کے خاتمے کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کار اب پاکستان میں بلا خوف و خطر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں تمام سرمایہ کاروں کا سرمایہ بالکل محفوظ ہے، وزیراعظم عمران خان کے چین کے دورے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا چین کا دورہ انتہائی کامیاب رہا جس دوران موجودہ حکومت کو چین سے ایک بڑا اقتصادی پیکج ملا ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں مددگار ثابت ہو گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ممالک کی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈالر کی مانگ میں اضافے کی وجہ قرضوں کی ادائیگی بھی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پہلے سے 15فیصد زیادہ رقوم پاکستان بھجوائی ہیں۔

اسد عمر

مزید : علاقائی