اسلام آباد ،طالبان نامی قبضہ گروپ کے40سے زائد کارکن گرفتار ، سرپرستی کرنیوالے 4پولیس اہلکار معطل

اسلام آباد ،طالبان نامی قبضہ گروپ کے40سے زائد کارکن گرفتار ، سرپرستی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی پولیس نے شہریوں کی اراضی پر قبضہ کرنے والے طالبان نامی گروپ کے 40 سے زائد کارکنان گرفتار کر لئے جبکہ آئی جی اسلام آباد نے قبضہ گروپ کی مبینہ سرپرستی کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا تاہم دیگر 4 اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے شہریوں کی شکایات پر آئی جی اسلام آباد سے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی جس پر پولیس نے گروہ کے مبینہ سرغنہ اسلم آفریدی سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ گروہ کا سرگرم رکن اسلام آباد کا ایک وکیل فرار ہو گیا تاہم آپریشن کے دوران قبضہ مافیا کے افراد کی جانب سے پولیس پر فائرنگ بھی کی گئی جس پر پولیس نے مزید نفری طلب کی اور کامیاب آپریشن کیا۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ اتوار کو پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ نون کے علاقے نون میں قبضہ مافیا کے خلاف وفاقی پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے قبضہ گروپ کے مبینہ سرغنہ اسلم آفریدی سمیت 40 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہریوں کی جانب سے تھانہ ترنول اور تھانہ نون میں مذکورہ گروپ کے خلاف متعدد شکایات درج کرائی گئی تھیں تاہم مذکورہ گروپ کو چند پولیس اہلکاروں کی سرپرستی حاصل تھی جس پر اس گروپ کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔ طالبان قبضہ گروپ کے افراد سادہ لوح شہریوں سے وکلاء کے لئے ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کے نام پر کچھ رقم بطور بیعانہ دے کر زمین پر قبضہ کر لیتے اور بامسلح ہو کر علاقے کا گشت کرتے تھے جس میں اسلام آباد کا ایک وکیل بھی کردار ادا کرتا تھا۔ ذرائع کے مطابق قبضہ گروپ کو تھانہ ترنول کے اے ایس آئی حاجی ظفر ، فیاض خان جو خود کو آئی جی اسلام آباد کا گن مین بتاتا ہے ، سب انسپکٹر ملک ممتاز عرف رسہ ، اے ایس آئی مرتضیٰ تھانہ نون ، عابد محرر تھانہ نون ، امیر شاہ تھانہ نون اور اس کا بھائی افسر شاہ تھانہ ترنول اور سی آئی اے کے انسپکٹر مرزا شفیق کی مبینہ پشت پناہی حاصل تھی۔ ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے قبضہ گروپ کے ساتھ رابطے میں رہنے والے 4 اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے تاہم دیگر 4 اہکاروں کے خلاف کارروائی کے متعلق کچھ نہ بتایا جا سکا جبکہ گرفتار افراد کو تھانے منتقل کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں تھانہ کورال پولیس نے شہری کی شکایت پر قبضہ گروپ کے 3افراد رضوان بٹ ، عمران بٹ اور صدیق بٹ کو گرفتار کر کے دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
طالبان، قبضہ

مزید :

علاقائی -