بلٹ پروف گاڑیوں کے لائسنسوں کی تاریخ تجدیدمیں 31جنوری تک توسیع
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزارت داخلہ نے بلٹ پروف گاڑیوں کے اجازت ناموں اور گاڑیاں بلٹ پروف کرنے والی کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید کی تاریخ میں 31جنوری 2019تک توسیع کردی ہے۔ بلٹ پروف گاڑی کے اجازت نامے کی تجدید کی فیس پچاس ہزار سے ایک لاکھ تک رکھی گئی ہے جبکہ گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ کرنے والی کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید کی فیس دس لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے مطابق بلٹ پروف گاڑی رکھنے والے اور بلٹ پروفنگ کرنے والی کمپنیوں کو ہر سال اپنا اجازت نامہ اور لائسنس رینیو کرانا ہوگا جس کے لئے تجدید کی فیس ادا کرنا ہوگی۔ وزارت داخلہ نے اجازت ناموں اور لائسنس میں تجدید کرانے کی تاریخ میں 31جنوری 2019 تک توسیع کردی ہے۔ واضح رہے کہ نئی بلٹ پروفنگ پالیسی سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تیار کروا کر اس کی منظوری دی تھی تاہم اس کا اطلاق سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے دور میں ہوا اور موجودہ حکومت بھی چوہدری نثار علی خان کی طرف سے منظور کردہ بلٹ پروفنگ پالیسی کو اپناتے ہوئے اسے آگے لے کر چل رہی ہے۔