ٹیکساس سکول فائرنگ ، پاکستانی طالبہ سمیت 10بچوں کے والدین کی قاتل کے والدین کیخلاف کارروائی کی درخواست
ٹیکساس (آن لائن) رواں سال مئی میں امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہوسٹن میں واقع ایک ہائی سکول میں ہونیوالی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونیوالے 10 بچوں کے والد ین نے فائرنگ کرنیوالے لڑکے کے والدین کیخلاف امریکی عدالت میں پٹیشن درج کروائی ہے۔ ان والدین میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے والدین بھی شامل ہیں۔ سبیکا کے والدین نے پٹیشن میں فائرنگ کرنے والے 17 سالہ لڑکے کے والدین پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے اپنے بیٹے کی ذہنی کیفیت جانتے ہوئے بھی اسے قانونی طور پر اسلحے تک رسائی دلوائی۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے سبیکا کے والد عبدالعزیز نے کہا کہ 'ہمارے لیے تو ایک جیتا جاگتا انسان چلا گیا۔ ہم کیسے چپ کر کے بیٹھ جائیں۔ یہ معاملہ صرف میڈیا کی حد تک نہیں اٹھانا ہے بلکہ اس کا مقصد ان سب بچوں کے لیے انصاف مانگنا ہے جو اس واقعے میں جاں بحق ہوئے۔'انھوں نے کہا کہ 'ہم اس انتظار میں تھے کہ حکومت اس بارے میں کوئی ٹھوس قدم اٹھائے گی، لیکن جب ایسا دیکھنے میں نہیں آیا تو ہم نے فیصلہ کیا کہ ہمیں ہی کچھ کرنا چاہیے ۔ یہ پٹیشن 'سبیکا کی سالگرہ کے روز، یعنی پہلی دسمبر سے دو دن پہلے 28 نومبر کو عدالت میں پیش کی گئی تھی جس کی خبر برطانوی جریدے گارڈین میں شائع ہوئی تھی۔
درخواست