خیبر پختونخوا میں دوبارہ اقتدار ہمیں مثبت کارکردگی کی بنیاد پر ملا ،محب اللہ خان

خیبر پختونخوا میں دوبارہ اقتدار ہمیں مثبت کارکردگی کی بنیاد پر ملا ،محب اللہ ...

  

پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اﷲ خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دوبارہ اور مرکز اور پنجاب میں اقتدار ہماری بہترین پالیسیوں اور مثبت کارکردگی کی بنیادپر ملا ہے ۔مستقبل میں غریب عوام کی خدمت اور ان کو سہولیتیں فراہم کرنا ہماری مشن ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے ایک مشنری جذبے کے تحت مصروف عمل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں ایک کھلی کچہری میں عوام سے بات چیت کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق تمام وزراء اور مشیر ایک مربوط پالیسی وضع کئے ہوئے ہیں جس سے غریب عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی وفاقی حکومت نے سوات کو بری طرح نظر انداز کیا تھا یہاں پر بجلی اور گیس فراہمی عوام کا ایک دیرینہ اور حل طلب مسئلہ تھا ت،ماضی کی حکومتوں نے یہاں کے عوام کی معیار زندگی اور علاقے کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی تھی یہی وجہ ہے کہ یہاں پر کافی علاقے بجلی اور گیس کی سہولت سے محروم تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ا ب ان محرومیو ں کے ازالے کا وقت آگیا ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش شروع کی گئی ہے اور عوام کے دیرینہ خواب کو بہت جلد عملی جامہ پہنایاجائے گا ۔انہوں نے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اظہا ر خیال کرتے ہوئے کہا کہ سوات موٹروے کا ایک فیز مکمل ہو نے کے قریب ہے اور دوسرے کی فیز بلٹی رپورٹ تیار ہو چکی ہے جس پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ اس کی تکمیل سے یہاں پر ترقی کا ایک نئے دور کا آغاز ہو جائے گا جس سے یہاں کے عوام آسودہ حال اور روزگار کے کافی مواقع میسر آجائیں گے ۔محب اﷲ خان نے کہا کہ ہم اپنے وعدوں کی تکمیل میں لگے ہوئے ہیں اور قوم کی ایک ایک پائی ان کی فلاح وبہبود پر خرچ کی جائے گی ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -