عوام خواہشات کے مطابق بہترین پالیسیاں وضع کر رہے ہیں : شکیل ایڈ ووکیٹ
پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر مال شکیل احمد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ہم عوامی خواہشات کے مطابق بہترین پالیسیاں وضع کر رہے ہیں جس سے ایک غریب آدمی کی معیارزندگی بہتر ہو گی اور معاشرہ ترقیافتہ ہو جائے گا ۔وزیر اعظم عمران خان ایک بااصول لیڈر ہیں اور قوم کا دکھ درد سمجھنے والا ایک مخلص انسان ہے ، اس کی قیادت میں کرپشن ، لوٹ مار، ظلم و ناانصافی کا خاتمہ ، طبی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک مشنری جذبے کے تحت عملی اقدامات اٹھائی جا رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار شکیل احمد ایڈوکیٹ اپنے حلقہ نیابت کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن ، اقرباپروری ،لوٹ مار اور ظلم و ناانصافی نے اس ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں اور غریب آدمی کے لئے زندگی گزارنا مشکل بنا دیا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو اس وقت اقتدار ملا جب خزانہ بالکل خالی تھا اور ملک بیرونی قرضوں تلے دبا ہو ا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات پر قابوپانے کے لئے وزیر اعظم عمران خان اور اس کی ٹیم نے چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور آج سوروزہ پلان کے اعلان سے باقاعدہ عملی اقدامات کا آغاز ہو گیا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ انشاء اﷲ وہ دن دور نہیں ملک کے عوام خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عملی اقدامات سے سرکاری محکمے عوام کے تابع ہو گئے ہیں اور ہر محکمہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہو ں نے محکمہ مال کے ملازمین اور خصوصاًپٹواریوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جس ملازم یا پٹواری کے خلاف شکایت آئی تو اسی دن اس کو گھر بھیج دیا جائے گا ۔