ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی مگرمچھ کے آنسو بہانا بند کرے ، ڈاکٹر فاروق ستار

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی مگرمچھ کے آنسو بہانا بند کرے ، ڈاکٹر فاروق ستار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی سے کراچی میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن فوری رکوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی مگرمچھ کے آنسو بہانا بند کرے اور میئر کراچی کو آپریشن فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کرے۔ اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر ملیر ٹاؤن کے ذمہ داران سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی میئر کراچی وسیم اختر کو آپریشن فوری بند کرنے کا حکم دیں۔ آپریشن کے نام پر عوام کے ساتھ زیادتی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ رابطہ کمیٹی ایک طرف تو وسیم اکرم کو ایک طرف آپریشن کا مینڈیٹ دے رہی ہے تو دوسری طرف آپریشن کے خلاف پریس کانفرنس کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی جگہوں کو توڑا جارہا ہے۔ ان کو پہلے متبادل فراہم کیا جائے اس کے بعد آپریشن کیا جائے۔ فاروق ستار نے کہا کہ جب تک متبادل جگہوں کا انتظام نہیں ہوتا، آپریشن بند کیا جائے۔ اس موقع پر تنظیم بحالی کمیٹی کے ارکان انجینئر کاشف خان، وسیم حسین، اخلاق سونی اور دیگر بھی موجود تھے۔