اپوزیشن اپنی کرپشن اور لوٹی ہوئی قومی دولت بچانے کے لئے شور مچارہی ہے ، اجمل خان وزیر
پشاور (سٹاف رپورٹر)حکومت خیبر پختونخوا کے ترجمان اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی کرپشن اور لوٹی ہوئی قومی دولت بچانے کے لئے شور مچارہی ہے سو روزہ پلان پر تنقید سے اپوزیشن کی بوکھلاہٹ صاف نظر آرہی ہے نون لیگ رہنما اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ احتسابی چھری تلے آکر اپوزیشن کے اوسان خطا ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرکے دم لے گی ۔ وزیر اعظم عمران خان قوم کا درد رکھنے والے حقیقی عوامی لیڈر ہیں اور ان کی قیادت میں سو روزہ اصلاحاتی پیکج پر عمل درآمد سے غربت کا خاتمہ ہو گا اور ملک ترقی یافتہ ممالک کے صف کھڑا ہوگا ۔ انہوں نے مریم اورنگزیب کو مشورہ دیا کہ وہ حقائق کو مد نظر رکھیں بلاوجہ چیز و پکار سے کچھ نہیں ہو گا ۔ اجمل خان وزیر نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں کرپٹ مافیا کا احتساب جاری ہے اور ہماری حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو گا ۔ انہوں نے میں خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت وزیر اعلیٰ محمود خان کی پرعزم قیادت میں تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے ، تعلیم ، صحت اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔ سیاحتی مقامات کی ترقی سے جلد دنیا بھر کے سیاح خیبر پختونخوا کا رخ کریں گے جس سے معیشت بہتر ہو گی اور مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر ہوں گے ۔