سندھ دھرتی کے باسی اپنی ژقافت سے بھی والہانہ محبت رکھتے ہیں : گورنر سندھ

سندھ دھرتی کے باسی اپنی ژقافت سے بھی والہانہ محبت رکھتے ہیں : گورنر سندھ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گورنرسندھ عمرا ن اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی دھرتی ہے جنھوں نے ہمیشہ پیار ، محبت ، اخوت اور رواداری کا درس دیا ہمیں اپنے صوفیائے کرام اور بزرگان دین کے اس پیغام محبت کو عام کرنے کی ضرورت ہے،سندھ دھرتی سے پیار کرنے والے اس کی ثقافت سے بھی والہانہ محبت رکھتے ہیں ، مخصوص کلر اور خوبصورت ڈیزائن کی اجرک اور ٹوپی سندھ کی ثقافت ہے ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں آنے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ریلی میں شریک ہرفرد نے اجرک ٹوپی ڈے کی مناسبت سے اجر ک اور ٹوپی پہنی ہوئی تھی ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ سندھ دھرتی سے محبت کرنے والے افراد اپنی ثقافت کے دن کو بھی بڑی شان و شوکت سے منایا کرتے ہیں ، سندھی اجرک اور ٹوپی ڈے منانے والے افراد نہ صرف اپنی ثقافت کو اجاگر کررہے ہیں بلکہ سندھ دھرتی کے پیغام محبت ، پیار ، اخوت اور رواداری کو پھیلارہے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ثقافت پر ناز ہے ، ثقافت اجاگر کرنے سے آپس میں محبت ، قربت اور احترام بھی بڑھے گا ہمیں آپس کی دوریاں ختم کرکے اپنی آئندہ کی نسلوں کے لئے پیار و محبت کے ماحول کو فروغ دینا ہوگا جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے،یوم ثقافت محبت باٹنے کا دن ہے ، اجرک ٹوپی ڈے منانے والوں کے لئے گورنرہاؤس کے دروازے کھلے ہیں ، میں ریلی کوخوش آمدید کہتاہوں ۔میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتیں بھی اگر سندھ دھرتی کی ثقافت کا دن منانا چاہتی ہیں تو ان کے لئے بھی گورنرہاؤس کے دروازے کھلے ہوئے ہیں کیونکہ ہم سندھ دھرتی سے محبت کرنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -